(شاہد ندیم سپرا) چنگ چی رکشہ ڈرائیورز کا لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کی جانب سے ہزاروں روپے کے چالان کرنے پر کچا جیل روڈ پر احتجاج، مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ ایل ٹی سی اہلکار چنگ چی رکشہ کو آگ لگا کر موقع سے فرار ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق چنگ چی رکشہ ڈرائیورز نے لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کی جانب سے ہزاروں روپے کے چالان کرنے پر کچا جیل روڈ پر شدید احتجاج کیا، دوران احتجاج ڈرائیورز کے ٹائر جلا کر روڈ کو دو گھنٹے تک بلاک رکھنے سے راہگیروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
رکشہ ڈرائیورز نے الزام عائد کیا کہ لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کے اہلکاروں کی جانب سے رکنے کا اشارہ کیا گیا تاہم نہ رکنے پر اہلکاروں نے رکشہ کو آگ لگا دی، جس پر رکشہ ڈرائیورز مشتعل ہو گئے اور پولیس کی موجودگی میں ایل ٹی سی اہلکاروں کی گاڑی کو گھیرے میں لے لیا۔
مظاہرین کے مطابق ایل ٹی سی اہلکار روزانہ ہزاروں روپے کے چالان کر کے رکشے تھانوں میں بند کر دیتے ہیں اور پھر مبینہ طور پر بھاری رشوت لے کر رکشہ واپس کیا جاتا ہے۔
مظاہرین اور پولیس کے درمیان کامیاب مذاکرات ہونے پر کچا جیل روڈ کو عام ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا۔