ویب ڈیسک : شہزادہ محمد بن سلمان سعودی ولی عہد نے خواتین کو ڈرائیونگ کے بعد اسلحہ استعمال کرنے کی اجازت بھی دے دی۔
یاد رہے قدامت پسند سعودی عرب میں اسلحہ اور گن شوٹنگ کے حوالے سے رائج قوانین میں تبدیلی کے بعد خواتین بھی شوٹنگ کی بھرپور ٹریننگ کر رہی ہیں۔ اسلحہ چلانے کی تربیت حاصل کرنا اور شکار جسے پہلے مردانہ مشغلہ سمجھا جاتا تھا اب سعودی خواتین بھی اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں۔
دارالحکومت ریاض میں واقع '' ٹاپ گن '' نامی فائرنگ رینج میں خاتون اسلحہ انسٹرکٹر مونا الخریسا کا کہنا ہے کہ یہ ان کا بچپن کاشوق تھا اور اب وہ بطور کوچ یہ شوق پورا کررہی ہیں۔ مونا اولمپکس میں سعودی عرب کی نمائند گی کی خواہش کرنیوالی خواتین شوٹرز کی ٹریننگ کرتی ہیں۔
یاد رہے سعودی عرب میں پہلے خواتین کو گاڑی چلانے کی اجازت نہیں تھی اور نہ ہی خواتین محرم کے بنا سفرکرسکتی تھیں تاہم شہزاد ہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب کو جدیدیت کی راہ پر چلانےکے لئے جو اہم اقدامات کئے ان میں سعودی خواتین کو ڈرائیونگ اور بنا محرم سفرکی اجازت دینا شامل تھا۔