سٹی 42 : مسلم لیگ پاکستان بنانے کی تیاریاں شروع کردی گئیں، تحریک انصاف کی رہنما نے نئی جماعت کی رجسٹریشن کا دعویٰ بھی کردیا ۔
چیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ پنجاب مسرت جمشید چیمہ نے دعویٰ کیا ہےکہ مسلم لیگ پاکستان کے نام سے سیاسی جماعت کی رجسٹریشن کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔
اپنے ایک بیان میں مسرت چیمہ نے الزام عائد کیا کہ نواز شریف نے ملک دشمن بیان دینے پر ایازصادق کی پذیرائی کے لیے طویل ٹیلیفون کال کی، انہوں نے ایاز صادق کو بتایا کہ سجن جندال بھی بیان پر آپ کا شکریہ ادا کررہے ہیں۔
مسرت چیمہ نے کہا کہ شاہد خاقان، احسن اقبال اور ایاز صادق کو ہر حال میں مریم نواز کی پیروی کاحکم دیا گیا ہے جب کہ مسلم لیگ ن نے ایازصادق کو ہیرو کے طور پر پیش کرنے کی بھی منصوبہ بند ی کی ہے اور نواز شریف نے ایازصادق کو مستقبل میں بڑے عہدے سے نوازنے کی بھی یقین دہانی کرادی ہے۔ مسرت جمشید چیمہ نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ پاکستان کے نام سے سیاسی جماعت کی رجسٹریشن کی بھی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ مریم نواز سجن جندال سے رابطہ کرکے ریاست مخالف ایجنڈے کے لیے ہدایات لے رہی ہیں۔
یاد رہے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد اور حکومتی ترجمان متعدد بار کہہ چکے ہیں کہ مسلم لیگ ن ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوجائے گی ،اس میں متعدد ارکان نکل جائیں گے،مسلم لیگ م،مسلم لیگ ش اور ن کے نام سے تین جماعتیں بن جائیں گی ۔پارٹی بیانیے سے اختلاف اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقاتوں کے بعد ن لیگ نے اپنے 5 سے زائد ایم پی ایز کو پارٹی سے نکال دیا ہے۔سابق جنرل عبد القادر بلوچ نے بھی ن لیگ چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔