(شہزاد خان/علی اکبر) راستوں کی بندش کے باعث شہرمیں دو روز سے پٹرول کی سپلائی پٹرول پمپس تک نہیں پہنچ سکی جس سے لاہور میں پٹرول بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا۔ پٹرول پمپس کے پاس ایندھن کا سٹاک بھی مختصر رہ گیا۔
سٹی 42 سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن خواجہ عاطف نے کہاکہ ایک سے دو روز میں پٹرول پمپس کو سپلائی نہ مل سکی تو پٹرول کی قلت پیدا ہوجائے گی۔ کل 315 پٹرول پمپس کے پاس ایک سے دو روز کا سٹاک باقی ہے ، حکومت پٹرول کی سپلائی بحال کرنے کیلئے اقدامات کرے۔
دوسری جانب پٹرول کی قیمتیں بڑھنے پر شہری پریشان ہیں۔ شہرکے بعض مقامات پر پٹرول نایاب ہوگیا۔ شہری پٹرول کی تلاش میں پمپوں پر خوار ہورہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت نے متوسط طبقے پر بوجھ ڈالا ہے۔ پٹرول کی قیمت بڑھنے سے ہر چیز مہنگی ہو جائے گی۔حالات خراب ہونے کی سزاانہیں کیوں مل رہی ہے؟ وہ ایک سے دوسری جگہ جانے کیلئے مشکلات کاشکارہیں۔پٹرول نہ ہونے کی وجہ سے زندگی کاپہیہ رُ ک گیا۔