ویب ڈیسک : سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور خلیجی ممالک میں عید الفطر آج منائی جا رہی ہے جبکہ برطانیہ اور فرانس میں بھی آج عید ہو گی۔
شاہ سلمان، ولی عہد محمد بن سلمان اور گورنر مکہ نے نماز عید مسجد الحرام میں ادا کی جبکہ مسجد نبوی ﷺ میں بھی بڑی تعداد میں لوگوں نے نماز عید ادا کی۔ اس کے علاوہ مسجد قبلتین اور مسجد قباء میں بھی نماز عید ادا کی گئی۔
سعودی عرب میں دو سال بعد تمام مساجد اور عیدگاہوں میں مکمل گنجائش کے ساتھ نماز عید ادا کی گئی۔
دبئی کی مساجد اور عیدگاہوں میں بھی نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے، دبئی کی پاکستانی مسجد میں پاکستانی برادری نے نماز عید ادا کی۔
طویل عرصے بعد برطانیہ میں ایک ساتھ عید پر مسلم کمیونٹی خوش ہے، چاند رات پر ایشیائی بازاروں میں گہما گہمی رہی اور سلے سلائے کپڑے کی دکانوں پر رش رہا۔
امریکا اور کینیڈا میں بھی آج عید ہو گی جبکہ بھارت، بنگلا دیش اور سری لنکا میں عیدالفطر کل ہو گی۔
جاپان میں عید الفطر کی نماز ادا کر دی گئی، جاپان بھر میں 100سے زائد مساجد میں عید کےاجتماعات ہوئے۔سب سے بڑا اجتماع ترک مسجد ٹوکیو جامی میں ہوا،عید پر بچوں اور بڑوں نے نئے ملبوسات زیب تن کئے ہوئے تھے۔