شاہد سپرا : لیسکو میں تھری فیز میٹرز کی قلت صارفین کیلئے وبال جان بن گئی, گیارہ ماہ کی اوسط چارج ہونے کی وجہ سے گھریلو صارفین کو بھاری بھرکم بلز بھجوانے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی میں تھری فیز میٹرز کی شدید قلت نے صارفین کو چکرا کر رکھ دیا ۔ میٹرز تبدیل نہ ہونے سے موسم گرما اور سرما کے یونٹس کی اوسط نکال کر اضافی بلز چارج کر لئے گئے ہیں۔ لیسکو نے بیشتر صارفین کے بلوں پر میٹرز تبدیل ہونے کا جعلی سٹیٹس شائع کر دیا ہے۔
سائٹ پر میٹرز پرانے موجود ہونے کے باوجود تبدیل ہونے کا ریکارڈ مرتب کیا گیا ہے۔ لیسکو نے ایک سال کے دوران تھری فیز میٹرز کی خریداری نہیں کی کیونکہ سابق بورڈ آف ڈائریکٹرز نے میٹرز کی خریداری کی منظوری نہیں دی تھی ۔بروقت خریداری نہ ہونے کی وجہ سے لیسکو نے اپنی ذمہ داری کا بوجھ صارفین پر ڈال دیا ہے۔