( راؤ دلشاد ) ایڈمنسٹریٹر لاری اڈا احمد رضا بٹ کا لاری اڈا پارکنگ اسٹینڈز اور سروس ایریاز کا دورہ، ٹک شاپس اور پبلک ٹوائلٹس پر اوور چاجنگ کی شکایات کا نوٹس لیا۔
تفصیلات کے مطابق لاری اڈا میں لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے غیر حاضر اہلکاروں کی رپورٹ ایم ڈی ایل ڈبلیو ایم سی کو ارسال کردی گئی۔ اے سی اور نان اے سی پارکنگ، ٹک شاپس اور انتظارگاہوں میں صفائی ستھرائی آپریشن مکمل کرلیا گیا۔ ایڈمنسٹریٹر لاری اڈا نے کہا کہ لاری اڈا کی حدود میں غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈز کا خاتمہ کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا اے سی اور نان اے سی بیز میں روٹ پرمٹس نہ رکھنے والی گاڑیوں کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی، غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈز اور غیر قانونی بس اسٹینڈز بنانے پر متعدد گاڑیوں کو تین روز کے لیے بند کردیا گیا ہے۔ ایڈمنسٹریٹر لاری اڈا نے بتایا کہ لاری اڈا کی سڑکوں اور پارکنگ اسٹینڈز میں گاڑیاں واش کرنے پر پابندی برقرار ہے۔
احمد رضا بٹ کا کہنا تھا کہ لاری اڈا کے اطراف اور اندرون کی چاروں سڑکوں پر ٹریفک بحال کردی گئی ہے جبکہ پبلک ٹوائلٹس پر اوور چارجنگ کی شکایات اور ٹک شاپس پر ریٹ لسٹوں کی مانیٹرنگ باقاعدگی سے کی جارہی ہے۔ لاری اڈا مین ڈی سلٹنگ کا عمل جاری ہے واسا جلد ڈی سلٹنگ کو مکمل کرے گا۔