حکومت نےعوام پر بجلی بم گرا دیا،فی یونٹ کتنا اضافہ ہوا؟

Electricity price increased,Nepra
کیپشن: electricity tower
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (ویب ڈیسک) نیشنل الیکٹرک اینڈ پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے مہنگائی کے مارے عوام کو بجلی کا زور دار جھٹکا دیتے ہوئے ایک مرتبہ پھر قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔

نیپرا نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 7 روپے 91 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی۔بجلی کا اوسط ٹیرف 16 روپے 91 پیسے سے بڑھ کر 24 روپے 82 پیسے ہو گیا۔

جاری اعلامیہ کے مطابق نیپرا بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے مختلف ریونیو کے تقاضوں کی مد میں ہر کمپنی کے الگ ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن کے لاسز کا تعین کر کے صارفین کے ٹیرف کا تعین کرتا ہے، تعین کیا گیا ٹیرف وفاقی حکومت کو نوٹیفکیشن کیلئے بھیج دیا گیا ہے ۔

 نیپرا ایکٹ کے مطابق وفاقی حکومت تمام ڈسکوز کیلئے یکساں ٹیرف کے تعین کیلئے درخواست دائر کرنے کا حق رکھتی ہے،وفاقی حکومت کی جانب سے مطلع کردہ سبسڈی کی رقم کو شامل کرنے کے بعد نیپرا کی طرف سے تمام ڈسکوز کیلئے یکساں ٹیرف کا تعین کیا جاتا ہے، جس کا وفاقی حکومت نوٹیفکیشن جاری کرتی ہے،نوٹیفکیشن ہونے کے بعد صارفین سے تعین کیا گیا ٹیرف وصول کیا جاتا ہے۔

 نیپرااعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ میپکو، پیسکو، گیپکو، حیسکو، سیپکو، کیسکو اور ٹیسکو نے مالی سال 2020-21 سے لے کر 2024-25 تک کے ملٹی ائیرٹیرف کیلئے درخواستیں دی تھی، آئیسکو، لیسکو اور فیسکو نے منظور شدہ ملٹی ائیر ٹیرف کے مطابق سالانہ ایڈجسٹمنٹ کی درخواستیں دی تھی، اتھارٹی نے فیصلوں میں مالی سال 2022-23 کے ٹیرف مقرر کیا ہے۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ نیپرا نے مالی سال 2022-23کیلئے نیشنل اوسط ٹیرف 24.82 روپے فی یونٹ تعین کیا ہے، جو کہ گزشتہ ٹیرف سے 7.91 روپے فی یونٹ زیادہ ہے،اس سے قبل نیپرا کا تعین کردہ اوسط ٹیرف 16.91 روپے ہے ،اعلامیہ کے مطابق ٹیرف بڑھنے کی بنیادی وجہ روپے کی قدر میں کمی ، کپیسٹی لاگت اور عالمی مارکیٹ میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہے۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ توانائی کی خریداری کی قیمت 1152 ارب روپے متوقع ہے،کپیسٹی لاگت بشمول این ٹی ڈی سی اور ایچ وی ڈی سی 1366 ارب روپے تخمینہ ہے، ڈسکوز کی کل ریونیو کا تخمینہ تقریبا 2805 ارب روپے متوقع ہے۔