ویب ڈیسک:سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان کو دوسرا یوکرین بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان کو عالمی سازش کے تحت خانہ جنگی کی طرف لے جایا جا رہا ہے اور آصف علی زرداری تسلیم کر چکے ہیں کہ جو بائیڈن ان کا دوست ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف عوام کو مہنگائی کی چکی میں ڈال رہے ہیں اور ان کے اقدامات سے بےروزگاری بڑھے گی۔ عمران خان 30 فیصد کم نرخ پر روس سے گیس گندم اور پیٹرول لے رہے تھے اور بھارت روس سے اب 30 فیصد رعایت پر گیس اور گندم خرید رہا ہے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ سامراجی طاقتوں نے عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کر کے منصوبے کو ناکام بنایا۔ سپریم کورٹ 25 مئی کو پولیس تشدد کا از خود نوٹس لے جبکہ اجرتی قاتل رانا ثنا اللہ صوبوں اور مرکز کو لڑانا چاہتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو اسلام آباد داخلے سے روکا جا رہا ہے۔
اسرائیل سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کے پیچھے کون ہے اور کیا مقاصد ہیں؟ بھارت اور اسرائیلی لابی نے اپنا کام شروع کر دیا ہے۔ بھارت سے تجارت کس کے کہنے پر کرنے جا رہے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ کیا پاکستان کو دوسرا یوکرین بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے؟ اور ایٹمی قوت کے حامل ملک کی معیشت کو تباہ کیا جا رہا ہے۔ ایٹمی اثاثوں سے متعلق آنے والے دنوں میں پریشر بڑھایا جائے گا۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ ہائی کورٹ میں درخواست دی گئی کہ میرے تمام کیسز کو یکجا کیا جائے۔ حکومت اصل میں لندن سے چلائی جا رہی ہے اور حکومت کی اوور سیز ووٹنگ پر قانون سازی بے معنی ہے۔