سٹی 42 : لاہور ہائیکورٹ نے رمضان شوگر ملز کا قرض رجسٹرڈ نہ کرنے کےخلاف درخواست پر محفوظ فیصلہ سنادیا، جسٹس عائشہ اے ملک نے رمضان شوگر ملز کی درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔
عدالت نے رمضان شوگر ملز کا قرض رجسٹرڈ نہ کرنے کےخلاف درخواست منظورکرلی اورسیکورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کو درخواست دادرسی کے لیے بھجوا دی۔فیصلے میں کہاگیا ہے کہ ایس سی سی پی درخواست گزار کو سن کر قانون کے مطابق دادراسی کرے۔
یاد رہے کہ 18 فروری کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے رکن صوبائی اسمبلی حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز کیس میں نیا ریفرنس دائر کیا تھا۔اس ریفرنس میں صرف دونوں ملزمان کو نامزد کیا گیا تھا اور الزام لگایا تھا کہ رمضان شوگر ملز کے لیے انہوں نے غیر قانونی طور پر نالہ تعمیر کروایا۔
عدالت میں دائر ریفرنس میں کہا گیا تھا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی جانب سے اس نالے کی تعمیر سے قومی خزانے کو 21 کروڑ 30 لاکھ روپے کا نقصان ہوا، لہٰذا دونوں ملزمان کو سزا دی جائے۔لاہور کی احتساب عدالت نے گزشتہ برس 9 اپریل کو رمضان شوگر ملز ریفرنس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد کردی تھی۔
خیال رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر حمزہ شہباز نیب کی حراست میں ہیں جنہیں منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق مقدمات میں 11 جون کو گرفتار کیا گیا تھا۔