جمال الدین جمالی: سیشن عدالت نے بہنوئی کو قتل کرنے والے ملزم کو سزائے موت سنا دی، مقتول پہلی بیوی کو ساتھ لے کر نئی بیوی کو منانے گیا تھا کہ قتل ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق سیشن عدالت نے بہنوئی کو قتل کرنے والے ملزم واصف سعید کو جرم ثابت ہونے پر سزائے موت سنائی دی ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج ممتاز ڈوگر نے فیصلہ سنایا۔ پراسیکیوٹر محمد یونس خان نے ملزم کیخلاف شواہد پیش کیے۔ پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ مقتول شکیل اشرف نے رابعہ سے پسند کی شادی کی، رابعہ کے گھر والوں پسند کی شادی کیخلاف تھے۔
مقتول شکیل اشرف پہلے سے شادی شدہ تھا، مقتول اپنی پہلی بیوی کے ساتھ نئی بیوی کو منانے ان کے گھر گیا، نئی بیوی رابعہ کے بھائی نے شکیل اشرف پر فائرنگ کر دی۔ مقتول کی پہلی بیوی جنت الفردوس کی مدعیت میں مقدمہ درج ہوا۔
تھانہ شمالی چھاؤنی پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کیا، جرم ثابت ہونے پر عدالت نے ملزم واصف سعید کو سزائے موت سنا دی جبکہ عدالت نے ساتھی ملزمان رابعہ، راشد اور جمیلہ کو بری کر دیا۔