(فہد بھٹی)نشتر کالونی سنجن نگر ٹرسٹ ہائی سکول میں تیسری جماعت کی طالبہ سے زیادتی کا معاملہ،بچی کی میڈیکل رپورٹ منظر عام پر آگئی،میڈیکل رپورٹ میں بچی کیساتھ زیادتی ثابت ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقہ نشتر کالونی سنجن نگر ٹرسٹ ہائی سکول میں تیسری جماعت کی طالبہ سے سے زیادتی کا معاملہ پیش آنے پر متاثرہ بچی کی میڈیکل رپورٹ منظر عام پر آگئی،میڈیکل رپورٹ میں بچی کے ساتھ زیادتی ثابت ہوگئی،زیادتی کس نے کی پولیس تاحال سراغ نہ لگا سکی،متاثرین کا کہناتھا کہ ہماری بچی کے ساتھ زیادتی ہوئی، ہمیں انصاف دیا جائے،پولیس اور سکول انتظامیہ صلح کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔
متاثرہ بچی کے والد شہزاد کا کہناتھا کہ پولیس نے 8روز بعد کورٹ کے آرڈر پر مقدمہ درج کیا,جلد ملزم کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
واضح رہے کہ شہر میں ڈکیتی، چوری، رہزانی، زیادتی اور قتل جیسے واقعات نے خوف کی نئی لہر پیدا کررکھی ہے، اس خوف کی علامت نے بچوں، خواتین کا گھر سے باہر نکلنا محال بنادیا ہے، انسانی روپ میں چھپے ان درندوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی تو کی جاتی ہے مگر ان کے سرپر بااثر شخصیات کا ہاتھ ہوتا جو ان کو بھاری معاوضہ دے کر ضمانت پر رہا کرالیتے ہیں اور ایک بار پھر نئے سرے سے جرائم رقم ہونا شروع ہوجاتے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں مناواں کے علاقے میں دس سالہ بچے کے ساتھ اسلحہ کے زور پر بدفعلی کی کوشش کرنے والے دو ملزم گرفتار کیاگیا، پولیس کا کہناتھا کہ ملزم عثمان اور اسد علی نے مناواں کے علاقے میں دس سالہ بچے کے ساتھ اسلحہ کے زور پر بدفعلی کی کوشش کی،بچے کے شور مچانے پر مکینوں نے پولیس کو اطلاع کی۔
پولیس موقع پر پہنچی کو ملزمان فرار ہو گئے، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کومناواں کے علاقے سے حراست میں لے لیا، پولیس کاکہناتھا کہ ملزم عثمان اور اسد علی کو حراست میں لیکر کارروائی شروع کردی گئی ہے۔