(ملک اشرف) منشا بم کو سونا اور نقدی سپرداری پر نہ دینے کیخلاف درخواست پر سماعت، ایس ایس پی سی آئی اے کی 8 جولائی تک واپس کرنے کی یقین دہانی،لاہور ہائیکورٹ نے ایس ایس پی کا بیان ریکارڈ کا حصہ بنا دیا۔
جسٹس علی ضیاء باجوہ نے منشا بم کی سپرداری کی درخواست پر سماعت کی ،عدالتی حکم پر ایس ایس پی سی آئی اے پیش ہوئے،جسٹس علی ضیاء باجوہ نے ایس ایس پی سے کہاکہ آپ کے اے ایس آئی مبشرنے گزشتہ سماعت پر سونا اور نقدی واپس کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی، مجھے بتائیں اس اے ایس آئی کے پیچھے کون بندہ ہے، ایس ایس پی سی آئی اے نے اے ایس آئی کی طرف سے غیر مشروط معافی مانگی اورکہا کہ عدالتی حکم پر عملدرآمد ہو گا۔
سرکاری وکیل نے سیشن عدالت کے سپرداری کے حکم کیخلاف ہائیکورٹ میں دائر اپیل کا نمبر پیش کیا اور استدعا کی کہ پراسیکیوشن نے سیشن عدالت کے حکم کیخلاف اپیل دائر کی ہوئی ہے، فیصلے کا انتظار کر لیا جائے۔
درخواستگزار کے وکیل نے کہا کہ سرکاری وکیل عدالت میں غلط بیانی کر رہے ہیں، جسٹس علی ضیاء نے کہا کہ پراسکیوشن پہلے اتنی دیر سوئی رہی، جب پتہ چلا کہ ہائیکورٹ سے حکم جاری ہو گیا تو آپ نے اپیل دائر کر دی۔ عدالت نے 8 جولائی کو عدالتی حکم پر عمل درآمد رپورٹ طلب کر لی ہے۔