(فاران یامین) شہریوں کو گاڑی خراب ہونے کا بہانا لگا کر لوٹنے والے دو مرد اور دو خواتین پر مشتمل چور گینگ گرفتار کر لیا گیا۔
لاہور پولیس کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔موبائل سکواڈ نے شیرا کوٹ پولیس پوسٹ پر کارروائی کرتے ہوئے شہریوں کو گاڑی خراب ہونے کا بہانا لگا کر لوٹے والے چور گینگ کو پکڑ لیا۔ گرفتار ملزمان میں گینگ کا سرغنہ عمر، راشد، صباء اور صائمہ شامل ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار چور گینگ میں 2 مرد اور 2 خواتین شامل ہیں، ملزمان کے قبضہ سے 90 گرام آئس، 30 بور پسٹل، گولیوں، 5 موبائل، سونے کی چین، 2 انگوٹھیاں، 2 بالیاں اور نقدی برآمد کرلی گئی ۔ ملزمان مختلف شاہراہوں پر لوگوں کو گاڑی خراب ہونے کا بہانا لگا کر لوٹ لیتے تھے ۔
ڈکیت ،چور اور نوسرباز افراد عوام کو لوٹنے کے نت نئے طریقے اپناتے رہتے ہیں گزشتہ دنوں بھی ڈکیتیاں کرنے والے ایک گینگ کا عوام کو لوٹنے کے لءے ایک انوکھا طریقہ سامنے آیا تھا۔
گزشتہ دنوں بھی حلوہ تقسیم کرنے کے بہانے ڈکیتیاں کرنےوالا حلوہ گینگ پنجاب پولیس کے ہتھے چڑھ گیا۔ چار رکنی حلوہ گینگ میں خاتون بھی شامل تھی۔
پولیس کےمطابق ملزمان خیرات کاحلوہ گھروں میں تقسیم کرنے کے بہانے داخل ہوکر گن پوائنٹ پر ڈکیتی کرتے تھے۔ ملزمان کے قبضے سے 3لاکھ نقدی ،طلائی زیورات و دیگرقیمتی اشیاءبرآمد کر لی گئیں تھیں۔ملزمان کو ہیومن انٹیلی جینس ، تکنیکی بنیادوں اور سیف سٹی کی مدد سے گرفتار کیا گیا تھا۔