ملک میں باکسنگ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے: ناصر اعجاز

ملک میں باکسنگ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے: ناصر اعجاز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کرنل ریٹائرڈ ناصر اعجاز نے کہا ہے کہ حکومت باکسنگ فیڈریشن کو سالانہ گرانٹ سے محروم کرکے باکسنگ کے کھیل کے ساتھ سوتیلی ماں  جیسا سلوک کررہی ہے۔

گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں باکسنگ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور سہولیات نہ ہونے کے باعث یہ ٹیلنٹ ضائع ہونے کا خدشہ ہے، اس ٹیلنٹ کو بروئے کار لانے  کے لئے پاکستان باکسنگ فیڈریشن کئی سالوں سے اپنی مدد آپ کے تحت اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی کھیل حکومت اور سپانسر کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا، ملکی تاریخ میں پاکستان  نے باکسنگ کے کھیل میں 1948ء سے آج تک 223 میڈلز حاصل کررکھے ہیں ان میں اولمپک گیمز، عالمی مقابلے، کامن ویلتھ گیمز، ایشین گیمز  اور ساؤتھ ایشین گیمز کے علاوہ بے شمار بین الاقوامی ایونٹس کے میڈلز شامل ہیں تاہم پاکستان باکسنگ فیڈریشن کو گرانٹ سے محروم کرنا کھلاڑیوں اور آفیشلز کےساتھ ناانصافی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا  کہ کرنل ناصر نے وزیر اعظم اور وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ سے اپیل کی کہ حکومت دیگر سپورٹس فیڈریشنز کی طرح پاکستان باکسنگ فیڈریشن کو بھی فنڈز جاری کرے تا کہ بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں میں پائی جانے والی بے چینی دور ہوسکے۔

 

واضح رہے کہ گذشتہ روز پاکستان سپورٹس بورڈ نے 16 سپورٹس فیڈریشنز کو گرانٹ جاری کی ہے ان میں پاکستان والی بال فیڈریشن  کو تین ملین ملی، اتھلیٹکس فیڈریشن، بلیرڈ اینڈ سنوکر، کبڈی اور رائفل ایسوسی ایشن کو دو دو (2،2)ملین کی گرانٹ اور اسی طرح  باڈی بلڈنگ، سکواش،  ٹینس، ہاکی، جوڈو اور بیڈمنٹن کو ڈیرھ، ڈیرھ ملین جبکہ کراٹے، نیٹ بال، تائیکوانڈو، ویٹ لیفٹنگ، ریسلنگ فیڈریشن کو ایک، ایک ملین کی رقوم ریلیز کی گئی ہے۔

Shazia Bashir

Content Writer