( عمر اسلم ) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہبازشریف کا کہنا ہے کہ عمران خان اوچھے ہتھکنڈوں پر اُتر آئے ہیں، رانا ثناءاللہ پر الزامات بے بنیاد اور جھوٹے ہیں، معلوم نہیں عمران خان کن احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی سربراہی میں لیگی رہنماؤں کی میڈیا ٹاک، شاہد خاقان عباسی بولے رانا ثناء اللہ کا مخالف بھی منشیات کی بات نہیں کرے گا۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما راناثناءاللہ کی گرفتاری پر ماڈل ٹاؤن میں اجلاس کے بعد میڈیا سے شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رانا ثناء اللہ کی گرفتاری سے ثابت ہورہا ہے عمران خان اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔ رانا ثناء اللہ کو عمران خان نے گرفتار کروایا، عمران خان پاکستان کی تاریخ کا سب سے جھوٹا وزیراعظم ہے، انھیں اپنی بہن علیمہ خان انہیں نظر نہیں آتی۔
مسلم لیگ (ن) کے سڑکوں پر آنے کے سوال پر کہا کہ وقت آئے گا تو پیچھے نہیں ہٹیں گے جبکہ رہبر کمیٹی بنا دی ہے جس کی میٹنگ جلد ہونے جارہی ہے۔ عمران خان سے ملاقات کرنے والے ارکان اسمبلی کے لیے کمیٹی بنادی گئی ہے۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ رانا ثناء اللہ کا دشمن بھی ان پر منشیات کے الزام کو رد کردے گا۔ میاں شہبازشریف کا مزید کہنا ہے کہ 92 کا ورلڈ کپ پوری ٹیم نے جیتا لیکن عمران خان پورا کریڈٹ لے گیا، شوکت خانم ہسپتال سرکاری زمین پر بنایا گیا جبکہ میرے والد نے اتفاق ہسپتال سمیت دیگر فلاحی ادارے ذاتی حیثیت سے بنائے۔