سٹی42: جماعت اسلامی نے پاکستان تحریک انصاف کی وکٹ تزک و احتشام کے ساتھ گرانے کی تیاری کر لی۔
سوات سے تحریک انصاف کے سینئیر لیڈر اور سابق میڈیا کوآرڈینیٹر جاوید قریشی کے جماعت اسلامی میں شامل ہونے کی باقاعدہ تقریب منعقد کی جا رہی ہے جس میں جاوید قریشی جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کرنے کا رسمی اعلان کریں گے۔
شمولیتی تقریب کیلئے اسلام آباد میں پنڈال سج گیا ہے۔جماعت اسلامی کے این اے 47 اسلام آباد سے امیدوار کاشف چوہدری تقریب میں موجود ہوں گے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق خود بھی اس تقریب میں شریک ہوں گے۔ جاوید قریشی اسلام آباد میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی موجودگی میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کریں گے۔مرکزی کوآرڈینیٹر تحریک انصاف جاوید قریشی نے 9 مئی 2023 کے پر تشدد واقعات کے بعد مئی کے آخری ہفتے پی ٹی آئی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ تب سے اب تک وہ سیاست سے عملاً لاتعلق رہے۔ جاوید قریشی کو پی ٹی آئی سوات اور اسلام آباد میں کافی اثرورسوخ حاصل رہا ہے۔