ویب ڈیسک: وفاقی حکومت نے لیگی قائد نواز شریف کے وطن واپس نہ آنے پران کے ضمانتی شہبازشریف کیخلاف لاہور ہائیکورٹ کا دروازہ کھٹکھٹانے کا اعلانِ کردیا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے لیگی قائد کے ضمانتی شہبازشریف کیخلاف لاہور ہائیکورٹ کادروازہ کھٹکھٹانے کا اعلان کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے 4 ہفتے میں بھائی کو وطن واپس لانے کی ضمانت دی جس پر عدالت کو ازخود نوٹس لینا چاہیے تھا۔ یقین ہے کہ حکومت فنانس بل 15سے 20 جنوری تک منظور کرا لے گی۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ کسی اتحادی نے منی بجٹ پر اعتراض نہیں کیا، انہوں نے اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی نہیں رکھنے کی خبروں کی بھی تردید کردی۔
پیٹرول کی قیمتیں بڑھنا اور کم ہونا عالمی منڈی سے منسلک ہے، وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے صحت کارڈ اور احسان راشن پروگرام کے حوالے سے سندھ سرکار پر بھی لفظی نشتر چلائے۔ انہوں نے کہا کہ آج سے پنجاب میں صحت کارڈ لانچ ہوچکا ہے، سندھ کو یہ سہولیات میسر نہیں جبکہ دس لاکھ روپے خاندانی صحت کے اخراجات صحت کارڈ سے ادا ہونگے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے سندھ حکومت سے درخواست کی تھی کہ وہ بھی اس صحت کارڈ کو لانچ کروائیں، سرکاری ہسپتالوں میں عام آدمی متاثر ہو رہا ہے۔ صحت کارڈ سے پرائیویٹ ہسپتالوں سے علاج کروایا جاسکتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے پروگرام کے لیے بل منظور کروانے جا رہے ہیں، پاکستان میں مہنگائی بین الاقوامی منڈیوں کی وجہ سے بڑھی ہے۔ اس وقت پوری دنیا کورونا کا دوبارہ شکار ہورہی ہے، امریکا میں کورونا کی وجہ سے 2500 فلائٹس کینسل ہوگئیں۔