نشتر پارک ( سٹی42) پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے سال 2021 کامیابی سے بھرپور رہا ہے تاہم اب نئے سال میں کرکٹ سے بھرپور سیزن کی تیاری شروع ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق آسٹریلوی ٹیم سال 2022 میں 24 برس بعد مارچ،اپریل کے مہینے میں پاکستان کا دورہ کرے گی، سیریز میں 3 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور ایک ٹی ٹونٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی۔آسٹریلوی ٹیم سے سیریز کا باقائدہ آغاز ٹیسٹ میچز سے ہوگا، سیریز کا پہلا ٹیسٹ 3 مارچ کو کراچی، دوسرا ٹیسٹ میچ 12 تا 16 مارچ تک راولپنڈی اور تیسرا 21 تا 25 مارچ تک لاہور میں کھیلا جائے گا۔
سیریز کے 3 ون ڈے اور واحد ٹی ٹونٹی میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، تمام میچز 29 مارچ سے 5 اپریل تک جاری رہیں گے۔قومی ٹیم سال 2022 میں جولائی اور اگست میں سری لنکا کا دورہ کرے گی جس میں 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز جبکہ 2 ون ڈے انٹرنیشنل بھی کھیلے جائیں گے۔اگست کے مہینے میں قومی ٹیم ایشیاء کپ میں شرکت کرے گی جس کا شیڈول تاحال فائنل نہیں کیا گیا ہے جبکہ ایونٹ میں 13 میچز کھیلے جائیں گے جہاں پاکستان کے علاوہ بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان جیسی ٹیمیں شرکت کریں گی۔گزشتہ برس پاکستان کا دورہ منسوخ کرنے والی انگلش ٹیم رواں سال اکتوبر کے مہینے میں پاکستان کا دورہ کرے گی جہاں دونوں ٹیمیں 7 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں ایک دوسرے کے مد مقابل آئیں گی۔
ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے باعث انگلش ٹیسٹ میچز کے لیے نومبر اور دسمبر میں پاکستان کا دورہ مکمل کرے گی، سال 2022 کے اکتوبر اور نومبر کے مہینے میں آسٹریلیا آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کی میزبانی کرے گا جہاں ایونٹ میں 45 میچز کھیلے جائیں گے جبکہ 16 ٹیمیں اس ایونٹ میں شریک ہوں گی، ایونٹ کے شیڈول کا باقاعدہ اعلان 21 جنوری کو ہوگا، سال 2022 کے اکتوبر اور نومبر میں ہی سکیورٹی وجوہات کی بناپر دورہ منسوخ کرنے والی کیوی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی، سیریز میں 2 ٹیسٹ، 8 ون ڈے اور 5 ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گی۔