جنید ریاض: محکمہ سکول ایجوکیشن نےغریب ومستحق طالبات کیلئے " زیور تعلیم " پروگرام بند کرنے کا عندیہ دے دیا، زیور تعلیم پروگرام کے تحت ہزاروں طالبات کو سالانہ کروڑوں روپے وظیفہ دیا جاتا تھا،منصوبہ ختم کرکے تمام فنڈز انصاف آفٹرنون سکول پروگرام کو دینے کا پلان تیار۔
تفصیلات کے مطابق سابقہ دورِ حکومت کا ایک اور منصوبہ بند کرنے کا فیصلہ، محکمہ سکول ایجوکیشن نے غریب ومستحق طالبات کیلئے " زیور تعلیم " پروگرام بندکرنےکاعندیہ دےدیا۔ زیور تعلیم پروگرام کے تحت ہزاروں طالبات کو سالانہ کروڑوں روپے وظیفہ دیا جاتا تھا۔منصوبہ ختم کرکے تمام فنڈز انصاف آفٹرنون سکول پروگرام کو دینے کا پلان ہے۔
منصوبے کے تحت مستحق طالبات کو سکول آنے پر ایک ہزار روپے ماہانہ ملتا تھا۔ منصوبہ ختم ہونے سے ہزاروں مستحق خاندانوں کا بجٹ متاثر ہونے کا امکان ہے۔ صوبائی وزیر تعلیم مراد راس کا کہنا ہے کہ فیملز ایک ہزار روپے وصول کرنےکےبعدبھی بچوں کو سکولز نہیں بھجواتی تھیں۔انصاف آفٹر نون پروگرام سے آوٹ آف سکولز بچے سکول داخل ہوسکیں گے جس سے کوالٹی ایجوکیشن بہتر ہوگی۔
دوسری جانب سرکاری سکولوں کے نان سیلری بجٹ میں کروڑوں روپے خورد برد کیے جانے کا انکشاف ہونے کے بعد پروگرام مانیٹرنگ اینڈ ایمپلمنٹیشن یونٹ نے سکولوں کا بجٹ آن لائن منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، اس حوالے سے سکول ایجوکیشن نے فنڈز کی آن لائن منتقلی کیلئے 48 ہزار سرکاری سکولوں سے آئی بی اے این نمبر مانگ لیا ہے، تمام سکولوں کو 24 ڈیجٹ پر مشتمل انٹرنیشنل بنک اکاؤنٹ نمبر لازمی دینا ہوگا۔