موچی گیٹ: چمڑے کے گودام میں آتشزدگی، 4افراد جاں بحق20 زخمی

موچی گیٹ: چمڑے کے گودام میں آتشزدگی، 4افراد جاں بحق20 زخمی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42:حسن خالد: گوالمنڈی میں چمڑے کےگودام میں لگنے والی آگ سے25 افراد متاثرہوئے، جن میں سے 4 جان کی بازی ہار گئے، ہسپتال انتظامیہ کے مطابق 3 متاثرہ افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

تھانہ موچی گیٹ کےعلاقہ میں واقع مکہ پلازہ میں قائم چمڑے کے گودام میں اچانک آگ بھرک اٹھی، آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے دوسری منزل کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا، آتشزدگی سے 25 افراد متاثر ہوئے جن میں سے4 زندگی کی بازی ہارگئے۔ جاں بحق ہونیوالوں میں عبدالودود، دادخدا،عبدالمالک،اور فیروز خان شامل ہیں۔

آتشزدگی سے متاثرہ افراد کو میو ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، ڈاکٹروں کے مطابق زیرعلاج متاثرہ افراد میں 3 کی حالت بدستور تشویشناک ہے۔ ایس پی سٹی صفدررضا کاظمی کا کہنا ہےکہ یہ افسوسناک واقعہ ہے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

ریسکیو کے مطابق آگ تین منزلہ عمارت کی پہلی منزل پر لگی، جس میں لیدر کے قالین اور دیگر سامان موجود تھا۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ پر قابو پانے کے بعد فوری طور پر تمام متاثرہ افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔

متاثرہ افراد کے مطابق عمارت میں درجنوں افراد رہائش پذیر تھے، جب آگ لگی تو تمام لوگ سو رہے تھے۔ آپریشن میں ریسکیو 1122 کی 12 گاڑیوں نے حصہ لیا۔ 

وزیر اعلی نے واقعہ کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا ہے جبکہ انہوں نے  کمشنر لاہور ڈویژن سے افسوسناک واقعہ کی رپورٹ طلب کی ہے اور  آتشزدگی کے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے . وزیر اعلی کی جانب سے انتظامیہ کو ہدایت کی گئی یے کہ زخمی افراد کو علاج معالجہ کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں.

Shazia Bashir

Content Writer