(طاہر جمیل) ایل پی جی سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے بعد حکومت نے 2 سے 4 روز میں قیمتوں پر نظرثانی یا سرکاری نرخ پر فروخت یقینی بنانے کی نوید سنا دی۔
ایوان وزیراعلیٰ میں مشیر وزیر اعلیٰ برائے سیاسی امور چودھری محمد اکرم کی زیر صدارت قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں انڈسٹریز، ایگریکلچر اینڈ مارکیٹ کمیٹی، پنجاب فوڈ اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ اور میٹرو پولیٹن کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر بڑھتی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری محمد اکرم کا کہنا تھا کہ ایل پی جی، ایل این جی، پھلوں، سبزیوں اور 18 دیگر اشیاء ضروریہ کے نرخوں میں استحکام کیلئے تجاویز طلب کی گئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ تمام شہروں میں یکساں نرخوں پر چیزیں فروخت ہوں۔ قیمتوں کے حقیقت پسندانہ انداز میں تعین کیلئے رابطہ کمیٹی تشکیل دی ہے جو 2 سے 4 روز میں قیمتوں پر نظرثانی یا موجودہ سرکاری نرخ پر فروخت کو یقینی بنائے گی۔