(سعدیہ خان) پیپلزپارٹی نے حکومت کے خلاف سیاسی جنگ لڑنے کا اعلان کردیا۔ حاجی عزیز الرحمان چن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت گرانے کی باتیں کرنے والوں کی حکومت خود 4 ووٹوں پر کھڑی ہے۔احتساب نہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
پیپلزپارٹی لاہور نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 90 ویں سالگرہ کے موقع پر پورا ماہ سالگرہ کی تقریبات منانے کا اعلان کردیا۔ لاہور کے تمام زونل آفس میں سالگرہ کی تقریبات کا کیک کاٹا جائے گا۔اس حوالے سے پہلی تقریب صدر لاہور حاجی عزیز الرحمان چن کی زیر قیادت ہوئی۔
اس موقع پر پی پی لاہور کے صدر عزیز الرحمان چن اور جنرل سیکرٹری لاہور اسرار بٹ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کو گرانے کی باتیں کرنے والوں کی خود کی حکومت 4 ووٹوں کے سہارے کھڑی ہے۔ سندھ حکومت کو گرایا گیا تو وفاقی حکومت بھی نہیں رہے گی۔
تقریب کے اختتام پر ذوالفقار علی بھٹو شہید کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔ تقریب سے میاں شاہد، اسرار بٹ، عابد صدیقی، زاہد ذوالفقار، فیصل میر سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔