ملک اشرف: ہائیکورٹ نے یونین کونسلز کے چئیرمینوں کے ترقیاتی فنڈز اراکین اسمبلی کے خلاف دائردرخواست پرحکومت پنجاب سے جواب طلب کرلیا۔ مالی معاملات کے لیے نیا مراسلہ جاری کردیا۔؎
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے یونین کونسلزکےچئیرمینز کے ترقیاتی فنڈز اراکین اسمبلی کو دینے کے خلاف دائر درخواست پرحکومت پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ سرداربابر سمیت پی ٹی آئی سے تعلق رکھنےوالے دیگرچیئرمین یونین کونسل کےوکلاء نےعدالت میں موقف اختیارکیا کہ حکومت پنجاب کے لوکل گورنمنٹ پیکج کے تحت ن لیگ سے تعلق نہ رکھنے والے یونین کونسلوں کے چیئرمینز کو ترقیاتی فنڈز جاری نہیں کیے جارہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ضلع گجرات ،حافظ آباد اور جھنگ کی یونین کونسلز کے لئے مختص کردہ50لاکھ روپے کی ترقیاتی رقم اور وارڈز 5لاکھ روپے کی مخصوص رقم غیر قانونی طور پر ن لیگی ایم پی ایز کی جانب سے بھجوائی گئی۔
سرکاری وکیل کی جانب سے عدالت میں جواب داخل کرنے کے لئے مزید مہلت طلب کی گئی۔ جس پر عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ایسی سکیمیں منتخب عوامی نمائندوں کی منظوری سےہی جاری ہو سکتی ہیں۔ اگر ضرورت ہوئی تو آئندہ سماعت پر حکم امتناعی جاری کیا جائے گا۔ عدالت نے چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ جسٹس عائشہ اے ملک نے کیس کی سماعت کی۔