(اسرار خان)راوی روڈ کے علاقے میں 15 سال کی لڑکی پر تشدد کرنے والا شخص گرفتار، ہوٹل ملازم نے سر کے بال کاٹنے کے بعد ہاتھ بھی زخمی کردیے تھے.
راوی روڈ کے علاقہ قلعہ لکشمن سنگھ میں گزشتہ روز ہوٹل ملازم اکرم منظور نے 15 سال کی سدرہ عمران نامی لڑکی کے سر کے بال کاٹنے کے بعد اس کے ہاتھ بھی زخمی کردیے تھے۔ واقعہ کے بعد ملزم روپوش ہو گیا، جس کی گرفتاری کے لئے ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر محمد عابد خان نے ایس پی سٹی حفیظ الرحمن بگٹی کو حکم دیا تھا۔
ایس پی سٹی کی نگرانی میں خصوصی ٹیم نے ملزم کو 24 گھنٹے میں گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ خواتین اور بچوں پر تشدد کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، اس قسم کے واقعات میں ملوث ملزموں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
پولیس کے مطابق راوی روڈ کے علاقے میں پندرہ سالہ لڑکی سکول سے واپس آرہی تھی کی ملزم اکرم نے حملہ کر دیا ،ملزم نے لڑکی کے بال کاٹ دیئے اور چاقو کے وار کر کے زخمی کیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ متاثرہ لڑکی کو طبی امداد فراہم کرنے کے بعد گھر منتقل کردیا گیا ۔ پولیس نے متاثرہ کے بیان پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم اکرم کے گھر پر چھاپہ مارا تو ملزم موقع سے فرار ہو گیا تھا۔ پولیس نے اس کے بھائی اورنگزیب کو حراست میں لے لیا تھا۔