قطر کو غیر نیٹو اہم اتحادی کا درجہ دلانے کی تیاری

 قطر کو غیر نیٹو اہم اتحادی کا درجہ دلانے کی تیاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

  ویب ڈیسک : امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ قطر نیٹو اتحادی نہ ہونے کے باوجود امریکا کا ایک اچھا دوست اور قابل اعتماد ساتھی ہے۔ صدر جوبائیڈن نے کہا کہ وہ قانون ساز اسمبلی سے قطر کو غیر نیٹو اہم اتحادی کا درجہ دلوانے کا کہیں گے اور یہ بہت پہلے ہی ہوجانا چاہیئے تھا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امیرِ قطر تمیم بن حمد بن خلیفہ الثانی صدر جوبائیڈن کی دعوت پر امریکا پہنچے جہاں دونوں رہنماؤں نے تاریخی ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی سیکیورٹی، افغانستان میں انسانی بحران اور مغربی ممالک کو توانائی کے ممکنہ بحران پر تبادلہ خیال کیا۔اگر امریکی کانگریس قطر کو اہم ترین غیر نیٹو اتحادی کا درجہ دیتی ہے تو قطر کو امریکا سے خصوصی فوجی اور اقتصادی استحقاق حاصل ہوجائے گا اور امریکی اتحادی ممالک سے بھی تعلقات بہتر ہوجائیں گے۔

ملاقات کے دوران امریکی صدر جوبائیڈن نے قطر کو امریکا کا اچھا دوست اور انتہائی قابل اعتماد اتحادی قرار دیتے ہوئے اعلان کیا وہ قانون ساز اسمبلی سے قطر کو غیر نیٹو اہم اتحادی کا درجہ دلوانے کا کہیں گے اور یہ بہت پہلے ہی ہوجانا چاہیئے تھا۔غیر نیٹو اہم ترین اتحادی کا درجہ امریکا سے شاندار تعلقات کا طاقتور اظہار ہے جس کی بنیاد پر نیٹو اتحادی ممالک بھی اس درجے کے حامل ملک کو عزت اور حیثیت دیتے ہیں۔

قطر نے افغانستان سے امریکی فوجیوں کی بحفاظت انخلا اور طالبان سے مذاکرات میں کلیدی کردار ادا کیا ہے جس کا امریکا معترف ہے اور اب روس کے یوکرائن پر ممکنہ حملے کے نتیجے میں پیدا ہونے والے توانائی کے بحران پر بھی امریکا کو مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔ واضح رہے کہ خلیجی ممالک میں کویت واحد ملک ہے جسے امریکا کا غیر نیٹو اہم ترین اتحادی کا درجہ حاصل ہے اور اب قطر دوسرا ایسا ملک ہوجائے گا۔