اسرار خان: گاڑیوں سے لیڈیز بیگ سمیت دیگر قیمتی سامان چوری کرنے والے گروہ نے بچوں کااستعمال شروع کر دیا، گلبرگ میں خاتون کی گاڑی سے بیگ چرا لیا گیا، سٹی فورٹی ٹو نے واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی۔
گلبرگ میں خاتون نیلوفر کوکب کی گاڑی سے لیڈیز بیگ چرانے کی واردات پیر کی رات سیون اپ پھاٹک کے قریب ہوئی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں بچے سمیت 4 ملزم دکھائی دیتے ہیں۔ بچہ گاڑی کا اگلا دروازہ کھولتا دکھائی دیتا ہے، شلوار قمیض میں ملبوس ایک ملزم فٹ پاتھ پر کھڑا صورتحال کا جائزہ لیتا ہے۔
ملزموں کا ایک ساتھی گاڑی کا پچھلا دروازہ کھول کر لیڈیز بیگ نکالتا ہے۔ متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ واردات کے بعد چاروں ملزم رکشہ میں فرار ہو گئے۔ بیگ میں لاکھوں مالیت کے طلائی زیورات، ملکی و غیر ملکی کرنسی موجود تھی۔ متاثرہ خاتون کی جانب سے اندراج مقدمہ کی درخواست تھانہ گلبرگ میں جمع کروا دی گئی ہے۔
دوسری جانب پولیس نے شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کرکے ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے والے شہری کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزموں میں رانا اسد اور احسن شامل ہیں، جن کے قبضے سے 2 پستول اور گولیاں برآمد کر کے مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔
ملزموں نے چند روز قبل شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کی، بعدازاں ہوائی فائرنگ کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردی تھی۔ پولیس نے ویڈیو منظرعام پر آنے کے بعد کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتارکرلیا ہے۔