شہزاد خان ابدالی: صدیق ٹریڈ سنٹر کے تاجروں نے پلازہ مالک کیخلاف کلب روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا، تاجروں نے کہا کہ پلازہ مالک شازیہ صدیق سولہ سالوں میں اربوں روپے سروسزچارجز کی مد میں وصول کرکے ذاتی طور پر استعمال کرچکی ہے جبکہ پلازہ بھوت بنگلہ بن چکا، مالکہ کو سروسز چارجز لینے سے روکا جائے اور گزشتہ سالوں کا آڈٹ کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق صدیق ٹریڈ سنٹر کے تاجر پلازہ مالک شازیہ صدیق اور مینجمنٹ کیخلاف سراپا احتجاج ہیں۔ تاجروں نے آٹھ کلب روڈ مین گیٹ کے سامنے احتجاج کیا اور شدید نعرے بازی کی۔ تاجروں کی بڑی تعداد نے ہاتھوں میں بینرز اور فلیکسز اٹھا رکھے تھے جن پر پلازہ مالک شازیہ صدیق پر سروسز چارجز کی مد میں خرد برد کے مبینہ الزامات درج تھے۔
سٹی فورٹی ٹو سے گفتگو کرتے ہوئے تاجروں نے کا کہنا تھا کہ صدیق ٹریڈ سنٹر کی مالکہ سولہ سالوں کے دوران چار ارب روپے سے زائد وصول کرچکی ہے مگر پلازے کی فلاح وبہبود اور تزین وآرائش پر ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا گیا۔
تاجروں نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے مطالبہ کیا کہ پلازہ مالکہ کو سروسز چارجز وصول کرنے سے روکا جائے اور گزشتہ سالوں کا آڈٹ کرایا جائے۔