علی اکبر: مسلم لیگ ق نے سینیٹ انتخابات کے لیے جوڑ توڑ کا سلسلہ شروع کر دیا، چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الہٰی نے اپنے امیدوار کے لیے جماعت اسلامی کی حمایت حاصل کر لی۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما چودھری پرویزالہٰی سے جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ اور امیر پنجاب میاں مقصود احمد نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پرجماعت اسلامی کے رہنماؤں نے پاکستان مسلم لیگ کے قائدین کی درخواست پر سینٹ کے امیدوار سینیٹر کامل علی آغا کی حمایت کا یقین دلایا ہے۔ ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور آئندہ سیاسی لائحہ عمل پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے کشمیریوں کے ساتھ مکمل یکجہتی، ان کی بھرپور حمایت اور قابض بھارتی فوج کے ظلم و تشدد کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری مظلوم کشمیریوں سے اقوام متحدہ کے فورم پر کیے گئے وعدوں کی پاسداری کرے۔ ق لیگی رہنماؤں نے سینیٹر کامل علی آغا کی حمایت کی یقین دہانی پرامیر سراج الحق اور جماعت اسلامی کے رہنماؤں کادلی طور پر شکریہ ادا کیا۔