ویب ڈیسک:پاکستان نے آئی ایم ایف قرض پروگرام کی اگلی قسط کی آخری پیشگی شرط پوری کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ اجلاس اگست کے آخرمیں بلانے کا امکان ہے۔آئی ایم ایف کی نمائندہ نے بتایا کہ 7ویں اور8ویں جائزے کی تکمیل کیلئے 31جولائی کو پٹرولیم لیوی میں اضافہ کیاگیا ہے۔
انھوں نے یہ بھی بتایا کہ مناسب مالیاتی یقین دہانیوں کی تصدیق ہونےکےبعدایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوگا۔واضح رہے کہ یکم اگست سے پیٹرول پر لیوی 10 روپے فی لیٹر اضافے کے ساتھ 20 روپے لیٹر کردی گئی ہے۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل،مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل پر لیوی پانچ، پانچ روپے اضافے کے ساتھ 10روپے فی لیٹر کی گئی ہے۔30 جون 2023 تک تمام مصنوعات پرلیوی بتدریج 50روپے لیٹر کی جائے گی۔
واضح رہے کہ جولائی 2019 میں آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے 6 ارب ڈالر کے قرضے کی منظوری دی تھی۔ اس قرضے کی میعاد 3 سال تھی اور قرضہ منظور ہوتے ہی پاکستان کو ایک ارب ڈالر جاری کر دیے گئے تھے۔
عالمی مالیاتی ادارے نے فروری کو چھٹے جائزے کے بعد پاکستان کو ایک ارب ڈالر قرضہ جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا تھا۔ پاکستان 6ارب ڈالر قرض میں سےاب تک 3 ارب ڈالر حاصل کر سکا ہے۔