محرم الحرام؛ حکومت پنجاب نے وزراء کی ڈیوٹیاں لگا دیں

محرم الحرام؛ حکومت پنجاب نے وزراء کی ڈیوٹیاں لگا دیں
کیپشن: Minister duty on Muharram
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(قیصرکھوکھر)حکومت پنجاب نے محرم الحرام کےدوران قیام امن اور سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کیلئے وزراء کی ڈیوٹیاں لگا دیں۔
 تفصیلات کےمطابق حکومت پنجاب نے محرم الحرام کے دوران قیامِ امن اور سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کے لئے وزراء کی ڈیوٹیاں لگا دیں، ہر ضلع میں ایک ایک وزیر کو بھیج دیا گیا ہے، جو وہاں کے معاملات کی خود نگرانی کرے گا، سینیئر وزیر عبدالعلیم خان کو لاہور شہر کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

عبدالعلیم خان لاہور میں محرم الحرام کے دوران معاملات کی نگرانی کریں گے۔ مذکورہ وزراء ضلعی انتظامیہ اور تمام مکاتب فکر کےعلماء کرام، بانیان مجالس اور لائسنسداران کیساتھ اجلاس کریں گے، یہ وزراء محرم الحرام کے دوران اپنے اپنے تفویض کردہ اضلاع میں امن وامان کے قیام کے ذمہ دار ہونگے۔

واضح رہے کہ  لاہور پولیس نےمحرم الحرام کے حوالے سے رینجرز اور پاک فوج کی 6 ،6 کمپنیاں مانگ لیں ہیں، ائیر سرویلنس کیلئے پاک فوج سے ایک ہیلی کاپٹر بھی مانگا گیا ہے، رینجرز اور پاک فوج ہنگامی صورتحال میں ذمہ داریاں ادا کرے گی، پولیس حکام کا کہنا ہے فوج اور رینجرز کے جوان سٹینڈ بائی رہیں گے۔

علاوہ ازیں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے  سب کمیٹی برائے کورونا کی سفارشات کے مطابق محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کے داخلی راستوں پر موبائل ویکسی نیشن کیمپس لگانے کافیصلہ کیا گیا ہے، عزاداری کےلیے آنے والوں کی ویکسی نیشن کی جائے گی،محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ جاری کر دیا ہے،مراسلہ کے متن کے مطابق موبائل ویکسی نیشن ٹیمز مجالس اور جلوسوں کے راستوں پر تعینات ہونگی۔

اس سلسلے میں تمام سی ای اوز اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران کو انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر سارہ اسلم نے کہا ہے عزاداروں کی سہولت کے لیے فیصلہ کیا گیا ہے،بروقت ویکسین لگوانا ہی بہترین علاج ہے،مجالس اور جلوس میں جانے سے پہلے ویکسین لازمی لگوائیں،شرکاء کروناایس او پیز پر لازماً عمل کریں۔ 

M .SAJID .KHAN

Content Writer