(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں کورونا وائرس کمزور پڑ گیا، پازیٹیو کیسزاوراموات میں کمی آنا شروع ہو گئی، ملک بھر میں صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد دو لاکھ 48 ہزار 577 ہو گئی، گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 6 اموات ہوئیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کےمطابق عید کے روز 14 ہزار افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 553 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 79 ہزار699 ہوگئی، سندھ میں 1 لاکھ 21 ہزار309، پنجاب 93 ہزار173، خیبرپختونخوا 34 ہزار160، اسلام آباد 15 ہزار 52، بلوچستان 11 ہزار 762، آزاد کشمیر2086 اور گلگت میں 2 ہزار157 مریض رپورٹ ہوچکے ہیں
سرکاری اعدادو شمار کے مطابق کورونا وائرس میں اپریل کے بعد سب سے کم اموات رپورٹ ہوئیں، گزشتہ ایک روز میں 6 اموات ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات 5 ہزار976 ہوگئی ملک میں 25 ہزار146 فعال کیسز ہیں، 1 ہزار618 مریض مختلف اسپتالوں میں زیرعلاج جبکہ 225 مریض وینٹی لیٹر پر موجود ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا وبا کی شدت کم ہورہی ہے تاہم فی الحال شہریوں کو احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کو جاری رکھنا ہوگا تاکہ وبا مکمل طور پر ختم ہوسکے،شہری کورونا وائرس سے بچنے کیلئے ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے اجتناب کریں، گرم پانی پیئں اور ماسک استعمال کریں،۔
وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب نے پاکستانیوں سے عید سادگی سے منانے اور کورونا ایس او پیز پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے، وزیر اعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ابھی پوری دنیا کو ایک نازک صورتحال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ کورونا وائرس وبائی مرض پوری انسانیت کے لئے ایک چیلنج بن گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اس وباء سے نمٹنے کے لئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا رہی ہے اور قوم کو بھی اس ضمن میں احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہونا چاہئے۔