(سٹی 42) آسمان سے گرتی بارش کی بوندوں نے عید کا مزہ دوبالا کر دیا، لاہور کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور عید ٹھنڈی ہوگئی، محکمہ موسمیات نے آئندہ تین روز تک مطلع ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کردی۔
صبح سویرے بادلوں نے لاہور شہر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ،جس کے بعد لاہور کے مختلف علاقوں میں بادل خوب برسے جس سے گرمی اڑن چھو ہوگئی اور عید ٹھنڈی ٹھار ہوگئی، آج برسنے والی برکھا سے فضا نکھرگئی، ٹھنڈی ہواوں میں پیڑ پودے بھی جھوم اٹھے، لاہوریوں نے عید پر بارش کو قدرت کا تحفہ قرار دیدیا۔
ذرائع کے مطابق چوہنگ، مال روڈ، فیروزپور روڈ پر بارش، ٹاؤن شپ، گرین ٹاؤن، باگڑیاں، مزنگ، شادمان میں بارش، واپڈا ٹاؤن، کینال روڈ و ملحقہ علاقوں میں بارش ہوئی ہے، موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیرِآب آگئے، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور شہر کا درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 37 اور کم سے کم 27 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے, ہوا میں نمی کا تناسب 81 فیصد ریکارڈ کیاگیا، جبکہ ہوائیں24 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
ترجمان محکمہ مو سمیات اختر محمود کا کہنا ہےکہ اگست میں داخل ہونے والے سسٹم میں بارشیں زیادہ ہونگی جس کی وجہ سے نچلے درجے کا سیلاب آسکتا ہے۔ذرائع کے مطابق پنجاب ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی نے ممکنہ اربن فلڈنگ سے نمٹنے کیلئے 7 کروڑ 50 لاکھ سے مطلوبہ مشینری کی خریداری کا عمل مکمل کرلیا۔
واضح رہے کہ آج عید الاضحیٰ کا دوسرا روز ہے،اس دن بھی فرزندان توحید سنت ابراہیمی کی ادائیگی میں مصروف ہیں،حکومت کی جانب سے عید پر تین چھٹیوں کا اعلان کیا گیا ، عید الاضحیٰ کی چھٹیاں 31 جولائی بروز جمعہ سے 2 اگست بروز اتوار تک ہوں گی، پیر کو تمام سرکاری ونجی ادارے کھل جائیں گے۔