ویب ڈیسک : وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں حل کا ایک راستہ یہ ہے کہ اگر الیکشن نہ کرائے جائیں تو تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے تمام ارکان اسمبلی سے مستعفی ہوجائیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران انھوں نے کہا ہے کہ 24گھنٹے سیاست کے لیے اہم ہیں۔حالات تشویشناک ہیں۔ہر گھنٹے بعد ملکی صورتحال بدل سکتی ہےحل کےچار راستے یہ ہیں، اسٹیبلشمنٹ مداخلت کرے اور ملک میں فوری انتخابات کرائیں۔ یہ حکومتیں نہیں چل سکتیں۔ دوسرا راستہ ان جماعتوں کو کالعدم قرار دیا جائے جنھوں نے پیسے لے کر تحریک عدم اعتماد چلائی۔ تیسرا راستہ یہ کہ اگر الیکشن نہ کرائیں تو تمام تحریک اانصاف کے ارکان مستعفی ہوجائیں۔ چوتھا اداروں سے براہ راست درخواست ہے کہ وہ اپنا کردار ادا کریں۔
اسٹیبلشمنٹ اور قبل از وقت انتخابات سے متعلق سوال پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وہ کافی عرصے سے یہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ الیکشن کرائے جائیں جبکہ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ قوانین کے تحت جب تک نیا وزیر اعظم حلف نہیں اٹھاتا عمران خان ہی وزیر اعظم رہیں گے۔
انھوں نے کہا کہ اگر عدم اعتماد ہوجاتی ہے تو وزیر اعظم عمران خان صدر کے اختیارات کے تحت کام جاری کریں گے۔ آٹھ یا دس دن جب تک نیا وزیر اعظم حلف نہ اٹھا لے عمران خان وزیر اعظم رہیں گے۔
اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ دونوں باپ بیٹے پر فرد جرم لگنی تھی وہ مرکز اور صوبے میں امیدوار ہیں۔ عدالتیں 18 فروری کو فرد جرم نہیں لگا سکیں۔ضمیر فروش جماعتوں کے خلاف سیاسی اعلان جنگ کرتا ہوں۔ لڑائی اب گلی محلوں تک پہنچ گئی ہے۔جو پارٹیاں عالمی سازش میں شامل ہیں ان کے خلاف غداری کے مقدمات کرائے جائیں۔ان جماعتوں کو کالعدم قرار دیا جائے جو غیر ملکی پیسے لے کر سازش کرتی ہیں۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ اداروں کو کہتا ہوں یہ چوروں کے لیے نمک کی کان ہے۔عمران خان بیٹھے بٹھائے مقبول ہوگیا ہے۔ہم میں بھی بڑی کمزوریاں ہیں۔ ذمہ داری سے کہتا ہوں لوگ ان کے (اپوزیشن کے) چہرے نہیں دیکھنا چاہتے۔ یہ لوگ ملک کی جمہوریت کو نہیں بچا سکتے۔
ہر گھنٹے بعد ملک کی سیاسی صورتحال بدل سکتی ہے۔ آخری حل یہ ہے تحریک انصاف کے تمام ارکان اسمبلی سے مستعفی ہوجائیں۔ میرا عمران خان سے وعدہ ہے ساتھ کھڑا ہوں۔ اگر بیرونی سازش ہے تو ان پر غداری کے مقدمے کیے جائیں اور پارٹیوں پر پابندی لگائی جائے۔شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کا ساتھی نہیں ہوں۔ اکیلی سیٹ پر الیکشن لڑتا ہوں۔