لاک ڈاؤن میں سختی، اب ایک گھر سے ایک فرد ہی باہر جاسکے گا

کورونا کی نئی حکمت عملی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

در نایاب:کمشنر لاہور کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان کا کورونا پھیلاو روکنے کے لئے نئی حکمت عملی، ایک گھر ایک فرد، لاہور ڈویژن میں شاپنگ کے لئے نئے ایس او پیز جاری کردیا۔

تفصیلات کے مطابق گراسری، جنرل اور میڈیکل سٹورز سمیت تمام جگہوں پر ایک گھر سے ایک فرد ہی جاسکے گا۔ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے کمشنر لاہور نے ایس او پیز جاری کر دیے ہیں۔ کمشنر لاہور نے ضلعی انتظامیہ کو ایک گھر ایک فرد کے ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔

کمشنر لاہور کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان کا کہنا ہے کہ ایک سے زائد افراد کی موجودگی کی صورت میں قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ ضروری شاپنگ کے لئے ایک فرد کے جانے سے رش کم ہو گا۔  رش کم ہو گا تو کورونا وائرس کا پھیلاؤ بھی روکا جا سکے گا۔ 

پولیس ریکارڈ کے مطابق چوبیس گھنٹوں میں دو ڈی ایس پی، دو انسپکٹر، اٹھارہ سب انسپکٹر اور 23 کانسٹیبلزکورونا وائرس کا شکار ہوئے۔ ٹریفک پولیس کے انتالیس افسران اور وارڈنز بھی کورونا کا شکار ہوئے۔ پولیس کے مطابق کورونا کا شکار ہونے والے افسران اور اہلکاروں نے خود کو گھروں میں قرنطینہ کر لیا ہے۔ 

لاہور سمیت ملک بھر میں کورونا وائرس کی تیسری لہر میں شدت آگئی، گزشتہ 24 گھںٹوں کے دوران میں مزید 5 ہزار 234 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ 83 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 56 ہزار 347 ہے جبکہ 3 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ لاہور کے ہسپتال مریضوں سے بھر گئے،شہر میں آکسیجن سلنڈرز کی بھی قلت پیدا ہوگئی۔ حکومت کی جانب سے لاہور سمیت ملک بھر میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ، تعلیمی ادارے ، شادی ہالز اورسینما گھر بند ہیں۔