(ویب ڈیسک) پہلے ون ڈے میں شاہینوں نے پروٹیز کو تین وکٹوں سے شکست دے دی۔جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ایک روزہ انٹرنیشنل میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کی طرف سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور امام الحق نے کیا، گرین شرٹس کو پہلا نقصان 9 رنز پر اٹھانا پڑا جب فخر زمان 12 گیندوں پر 8 رنز بنا کر رباڈا کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ فخر زمان کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان بابر اعظم اور امام الحق نے شاندار انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے سکور کو آگے بڑھایا، دونوں کے درمیان 170 رنز سے زائد رنز کی پارٹنر شپ بنی چکی ہے۔ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنے کیریئر کی 13 ویں سنچری بنائی۔ انہوں نے 104 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 103 رنز کی باری کھیلی اور نارٹجی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
بابر کے آؤٹ ہوتے ہیں پاکستان کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور محمد رضوان اور شاداب خان نے ذمہ داری سے رنز کو آگے بڑھایا، دونوں کے درمیان چھٹی وکٹ پر 53 رنز کی پارٹنرشپ قیمتی پارٹنرشپ قائم ہوئی جبکہ محمد رضوان 40 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ قومی ٹیم نے مطلوبہ ہدف آخری گیند پر 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا. فہیم اشرف 4 اور شاہین شاہ آفریدی صفر پر ناٹ آؤٹ رہے.
اس سے قبل جنوبی افریقہ کی طرف سے اننگز کا آغاز ڈی کوک اور مارکرم نے کیا، دونوں نے آغاز میں چند خوبصورت شارٹس کھیلے، مختصر شراکت داری میں 3، 3 چوکوں اور ایک ایک چھکے کی مدد سے 34 رنز بنائے تھے کہ شاہین آفریدی کی بالز پر یکے بعد دیگرے کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔ پروٹیز ٹیم کے کپتان صرف ایک رن بنا کر چلتے بنے، کلاسن نے بھی ان کی پیروی کی اور55 کے مجموعے پر ایک سکور دے کر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔
وین ڈر ڈوسن اور سینئر بیٹسمین ڈیوڈ ملر کے ساتھ مل کر سکور کو آگے بڑھایا، دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 135 گیندوں پر 116 رنز کی پارٹنر شپ بنائی۔ 171 کے مجموعی سکور پر ملر حارث کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔ وین ڈر ڈوسن نے آل راؤنڈر پھلواکیو کیساتھ مل کر 65 گیندوں پر 64 رنز کی شراکت داری بنائی۔ پھلواکیو کو بھی حارث رؤف نے پویلین واپس بھیج دیا۔
پروٹیز ٹیم کے وین ڈر ڈوسن نے اپنی شاندار پہلی سنچری بنائی۔ انہوں نے تھری فیگر اننگز کے لیے 123 گیندوں کا سامنا کیا۔وین ڈرڈوسن 123 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔ جنوبی افریقا نے مقررہ اوورز میں 273 رنز بنائے۔ شاہین شاہ آفریدی اور حارث رئوف نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد حسنین اور فہیم اشرف کے حصے میں ایک ایک شکار آیا۔
واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم ان دنوں دورہ جنوبی افریقہ پر ہے جہاں وہ تین ون ڈے اور چار ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کی سیریز کھیلے گی۔دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا دوسرا میچ 4 اپریل کو جوہانسبرگ جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 7 اپریل کو سنچورین میں کھیلا جائے گا۔ون ڈے سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی 20 سیریز 10 اپریل سے شروع ہوگی جس کا دوسرا میچ 12 اپریل، تیسرا میچ 14 اپریل جبکہ چوتھا اور آخری میچ 16 اپریل کو کھیلا جائے گا۔پہلے دو میچ جوہانسبرگ اور آخری دو میچ سنچورین کے میدان پر کھیلے جائیں گے۔