حکومت کا گراسری سٹورز کے اوقات کار کم کرنیکا فارمولا الٹا پڑ گیا

حکومت کا گراسری سٹورز کے اوقات کار کم کرنیکا فارمولا الٹا پڑ گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(شہزاد خان ابدالی) ضلعی انتظامیہ اور پولیس رش کو جواز بناکر سپرسٹورز کیخلاف کارروائیاں کرنے لگی۔ صدر لاہور چیمبر عرفان اقبال شیخ کی قیادت میں سٹورز مالکان کی ڈ پٹی کمشنر دانش افضال سے ملاقات، سپر سٹورز کا دورانیہ بڑھانے کا مطالبہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے سپر سٹورز کا دورانیہ پانچ بجے تک کرنے سے سپر سٹورز پر شہریوں کارش بڑھ گیا ہے۔ پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے ہجوم کو جواز بناکر سپر سٹورز کیخلاف کارروائیاں شروع کردی ہیں۔

اس فیصلے سے سپر سٹورز مالکان سیخ پا ہوگئے اور پنجاب حکومت کے فیصلے کو غیر دانشمندانہ قرار دیدیا۔

صدر لاہور چیمبر عرفان اقبال شیخ کی قیادت میں سپر سٹورز گراسری ایسوسی ایشن کے وفد نے ڈی سی دانش افضال سے غیر رسمی ملاقات کی۔ وفد نے ڈپٹی کمشنر کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔

وفد میں صدر احمد نواز، چیئرمین رانا اختر، جنرل سیکرٹری عمران سلیمی شامل تھے۔ وفدنے ڈپٹی کمشنر سے سپر سٹورز کا دورانیہ دس بجے تک بڑھانے کا مطالبہ کیا۔

سپر سٹورز مالکان نے کہا کہ پنجاب حکومت کورونا سے بچاو کی احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کرانے میں سنجیدہ ہے تو سپر سٹورز کا دورانیہ دس بجے تک بڑھایا جائے تاکہ رش نہ ہو ،شہری آسانی سے اشیائے ضروریہ خرید سکیں۔

واضح رہے پنجاب حکومت نے کورونا کے بڑھتے خطرات کے پیش نظر شہریوں سے نمٹنے کیلئے نئی حکمت عملی تیار کی تھی، جس کے تحت پنجاب حکومت نے شہر کو مختلف زونز میں تقسیم کیا تھا، زونز کی تقسیم ٹاؤنز کی بنیاد پر کی گئی۔

گراسری سٹورز، کریانہ سٹورز، ڈیپارٹمنٹل سٹورز، تمام سپر مارکیٹ، ملک شاپس، چکن ، میٹ شاپس، بیکریز، آٹو ورکشاپس کو صبح 8 بجے سے شام 8 بجے تک کھلے رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا لیکن بعد ازاں اس اوقات کار کو صبح 8 بجے سے شام  5 تک کردیا گیا ہے۔