اکمل سومرو: پنجاب یونیورسٹی کا عوام گھروں میں سبزیاں اگانے کے لئے آن لائن ٹریننگ پروگرام، وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد کا کہنا ہے کہ گھر یلو سبزیاں جسم میں قوت مدافعت میں اضافے، روزگارکا باعث بن سکتا ہے۔
پنجاب یونیورسٹی انسٹی ٹیوٹ آف ایگریکلچرل سائنسز نے گھروں میں سبزیاں اگانے اور عوام کو گھروں میں صحت مند سرگرمی کے مواقع فراہم کرنے کے لئے آن لائن ٹریننگ پروگرام کا انعقاد کیا۔ سماجی رابطے کے ایک سافٹ وئیر کے ذریعے عوام کو گھروں میں سبزیاں اگانے کے حوالے سے ٹریننگ دی گئی۔ ٹریننگ پروگرام میں انسٹی ٹیوٹ آف ایگریکلچرل سائنسز کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر سلیم حیدر، فیکلٹی ممبران معظم انیس، ڈاکٹر مبین سرور، ڈاکٹر محمد شفیق اور ایم فل سکالر ارسلان نے گھروں میں سبزیاں اگانے سے متعلق شرکاء کو ٹریننگ دی۔
پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد نے کہا کہ گھروں میں سبزیاں اگانا ایک بہترین مشغلے کے ساتھ ساتھ صحت افزا سبزیاں حاصل کرنے کا ایک بہترین ذریعہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے خلاف جسم میں بہترین قوت مدافعت ہونا بہت ضروری ہے اور گھروں میں کیمیکل اور دیگر ادویات کے بغیر حاصل ہونی والی سبزیاں قوت مدافعت میں بھی اضافہ کریں گی۔
ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا کہ اس وقت موسم گرما کی سبزیاں اگانے کا بہترین موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہایت کم پیسوں سے گھروں کی صحن، چھتوں، بالکونی لان اور دیگر جگہوں پر جہاں دھوپ آتی ہو اگائی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عام طور پر لوگ کچن گارڈننگ کی جانب دھیان نہیں دیتے۔
ڈاکٹر مبین سرور، ڈاکٹر شفیق، معظم انیس اور ارسلان نے گھروں میں کدو، کریلا، سبز توری، بھنڈی، ٹماٹر، سبز مرچ، شملہ مرچ، پودینہ، ٹینڈا، خربوزہ، تربوز، کھیرا، بینگن اگانے کے لئے تربیت دی اور احتیاطی تدابیر اور دیگر اہم پہلووں سے شرکاء کو آگاہ کیا۔