( سٹی42) عام انتخابات کب ہوں گے، حلقہ بندیوں کے دورانیہ کا معاملہ ،الیکشن کمیشن نے جلد عام انتخابات کا انعقاد ممکن بنانے کیلئے حلقہ بندیوں کا دورانیہ کم کردیا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں سیاسی جماعتوں سے مشاورت اور فیڈ بیک مدنظر رکھتے ہوئے آج اہم اجلاس ہوا جس میں عام انتخابات کا شیڈول اور حلقہ بندیوں سے متعلق امور زیر غور آئے،اس حوالے سے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہےکہ الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کی مشاورت اور فیڈ بیک کے بعد حلقہ بندیوں کے دورانیے کو کم کردیا ہے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہےکہ اب حلقہ بندیوں کی اشاعت 30 نومبر کو ہوگی اور حلقہ بندیوں کے دورانیے کو کم کرنےکا مقصد جلد الیکشن ممکن بنانا ہے ،الیکشن کمیشن نے کہا ہےکہ حلقہ بندیوں کی تاریخ کو مدنظر رکھتے ہوئے الیکشن شیڈول کا اعلان بھی کردیاجائےگا۔
چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں کےکام کی شفافیت کو یقینی بنائے گا۔