سٹی 42:ستمبر کے آغاز پر تیز ہواوں کے ساتھ بارش سے نکاسی آب نہ ہونے سے اہم شاہراہیں زیر آب آ گئیں۔
تفصیلات کے مطابق کینال روڈ سے ملحقہ علاقوں مغلپورہ، لال پل، فتح گڑھ، دھرم پورہ، جوہر ٹاون، وفاقی کالونی میں بارش ہوئی، گلبرگ، مال روڈ، جیل روڈ، فیروز پور روڈ، سمن آباد، اقبال ٹاون، پانی والا تالاب، لکشمی چوک اور دیگر علاقوں میں تیز بارش اور نکاسی آب نہ ہونے سے اہم شاہراہیں زیر آب آ گئیں موٹر سائیکل سوار میٹرو پل کے نیچے کھڑے ہو کر بارش رکنے کا انتظار کرتے رہے۔ایم ڈی کیٹ امتحان کیلئے برکت مارکیٹ میں لگایا گیا کیمپ بارش کی نذر ہو گیا۔ دو فٹ تک پانی کھڑا ہونے سے طلبا کے والدین بے حال نظر آئے۔
بارش کے بعد ماڈل ٹاون سمیت مختلف علاقوں کی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرتی رہیں۔ کہیں ایک فٹ تو کہیں گھٹنوں گھٹنوں پانی جمع ہو گیا، آمدورفت میں مشکلات رہیں جبکہ پیدل چلنے کا تو تصور بھی نہیں کیا جا سکتا تھا۔
ڈیوس روڈ سے ملحقہ کوئین میری روڈ کے دونوں اطرف بھی سڑک پر پانی کھڑا ہو گیا۔بارش کے باعث مختلف سڑکوں پر درخت گر گئے جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، درختوں کو کاٹ کر سڑک سے ہٹایا گیا جبکہ بارش کے بعد مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کا شدید دباو رہا۔ کینال روڈ، فیروز پور روڈ، جیل روڈ، مولانا شوکت علی روڈ، گلبرگ اور دیگر علاقوں میں گاڑیوں کی لمبی قطاریں دیکھنے میں آٗئیں۔ہر اہم راستے پر سیکڑوں گاڑیاں گھنٹوں آگے بڑھنے کی منتظر رہیں، کسی جگہ ٹریفک اہلکار دکھائی نہ دیے
محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش مغل پورہ میں 38 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ مال روڈ پر 36، گلبرگ 29، جوہر ٹاون 34، اقبال ٹاون 21، نشتر ٹاون 12، پانی والا تالاب پر 11 اور سمن آباد میں 9 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔