سٹی42: ڈالر کی قیمت میں کمی کے تناسب سے پٹرول ڈیزل کی قیمت میں کمی کی توقعات کیوں پوری نہ ہوئیں، اندر کی کہانی سامنے آ گئی۔ عوام کے حصہ کا ریلیف کا کچھ حصہ خاموشی سے پٹرولیم کمپنیوں اور پٹرول ڈیلرز کو منتقل کر دیا گیا۔ حکومت نے پٹرول اور ڈیزل پر تیل کمپنیوں اور ڈیلرز کا مارجن مزید بڑھا دیا۔ اس اقدام کو عوام کے لئے پٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں کم ریلیف ملنے کی ایک وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق پٹرول اور ڈیزل پر مارجن میں 88 پیسے فی لیٹر مزید اضافہ کر دیا گیا ہے، تیل کمپنیوں کا مارجن 47 پیسے فی لیٹر بڑھا دیا گیا جبکہ ڈیلرز مارجن میں فی لیٹر مزید41 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ پٹرول پر او ایم سی مارجن 6.47 روپے سے بڑھ کر 6.94 روپے فی لیٹر ہوگیا ہے۔ذرائع کے مطابق پٹرول اور ڈیزل دونوں پر ڈیلرز مارجن 7.41 روپے سے بڑھ کر 7.82 روپے فی لیٹر ہوگیا ہے جبکہ ڈیزل پر او ایم سی مارجن 6.70 روپے سے بڑھ کر 7.17 روپے فی لیٹر ہوگیا ہے۔
دستاویز کے مطابق حکومت نے پٹرول اورڈیزل پر فریٹ مارجن بھی بڑھا دیا، ڈیزل پر فریٹ مارجن 1 روپے 78 پیسے فی لیٹر اور پٹرول پر 16 پیسے فی لیٹر بڑھا دیا گیا۔حکومت ڈیزل پر 65 روپے 70 پیسے فی لیٹر ٹیکسز اور 50 روپے فی لیٹر لیوی وصول کر رہی ہے، پٹرول پر 80 روپے 29 پیسے فی لیٹر ٹیکسز اور پٹرولیم لیوی 60 روپے فی لیٹر ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل 16 ستمبر کو بھی پٹرول، ڈیزل پر او ایم سی اور ڈیلرز مارجن فی لیٹر 88 پیسے بڑھایا جا چکا ہے۔