سٹی42: فیڈرل بیورو آف ریوینیو نے سوشل پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں بتایا ہے کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے لیے ایف بی آر نے 2,041 بلین روپے کے ٹیکس اور محصولات اکٹھے کر لئے ہیں۔ (جولائی تا ستمبر 2022کے دوران1644 بلین اکٹھے ہوئے) جبکہ جولائی، اگست اور ستمبر کے تین ماہ میں ٹیکس اکٹھا کرنے کا ہدف 1978 بلین روپے مقرر کیا گیا تھا۔ اس طرح 1,978 بلین روپے ہدف سے 63 ارب روپے زیادہ اکٹھے کر لئے گئے۔
ایف بی آر نے اپنی پوسٹ میں مزید بتایا کہ ایف بی آر نے ستمبر 2023 کے لیے ریونیو کا ہدف حاصل کرنے کے لیے بھی غیر معمولی کوششیں کی ہیں۔ 794 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں، ایف بی آر 834 بلین روپے (ستمبر 2022 میں 688 بلین روپے اکٹھے کئے گئے) جمع کرنے میں کامیاب رہا، جب کہ اس ماہ کے دوران ریفنڈز کی گئی رقوم کا حجم37 ارب روپے ہے۔ ستمبر 2022 میں صرف 18 ارب روپے کے ریفنڈز دیئے گئے تھے۔
ایف بی آر نے تسلیم کیا کہ ستمبر 2023 کے مہینے کے دوران شدید درآمدی کمپریشن کی وجہ سے، درآمدات پر ٹیکس صرف 254 ارب روپے جمع ہوئے جب کہ پچھلے مہینے کے دوران درآمدات پر 299 ارب روپے ٹیکس وصول ہوئے تھے۔ ایف بی آر نے اپنی پوسٹ میں فخر کے ساتھ بتایا کہ درآمدات پر ٹیکس کلیکشن میں آنے والے شارٹ فال کو ڈومیسٹک ٹیکسنگ کے ذریعہ پورا کیا گیا خاص طور پر براہ راست ٹیکس کی مد میں کلیکشن بڑھائی گئی۔
ایف بی آر کی پوسٹ میں ٹیکس کلیکشن کے ضمن میں اپنی ٹیم کی پرفارمنس کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ ایف بی آر کے افسران اور اہلکاروں نے جس خلوص اور پروفیشنل اخلاقیات کا مظاہرہ کیا وہ مثالی تھا۔ ایف بی آر رواں مالی سال کے آنے والے مہینوں کے لیے نہ صرف مقررہ ہدف حاصل کرنے بلکہ اسے عبور کرنے کے لیے پرعزم ہے۔