ویب ڈیسک:کراچی کے علاقے کورنگی میں فائراسٹیشن میں 2 حملہ آوروں کی فائرنگ سے فائر بریگیڈ کے 2 ملازمین جاں بحق، 1 زخمی ہوگیا جبکہ 1 ملازم حملہ آوروں سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوگیا۔
ایس ایس پی کورنگی فیصل بشیر میمن کے مطابق 2 نامعلوم حملہ آور بلال چورنگی پر کورنگی فائر اسٹیشن میں داخل ہوئے اور کنٹرول روم میں فائرنگ کردی، فائرنگ کے وقت کنٹرول روم میں 4 ملازمین موجود تھے۔
فیصل بشیر کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں فائر بریگیڈ کے 2 ملازم عامر اور محبوب جاں بحق ہوگئے، جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔واقعے کے وقت موجود چوتھا ملازم ذیشان بچ نکلنے میں کامیاب ہوگیا اور خوفزدہ ہوکر ورکشاپ میں چھپ گیا تھا۔
واقعہ کے عینی شاہد اور حملہ آوروں سے بچ نکلنے میں کامیاب ہونے والے ذیشان صدیقی نے بتایا کہ وہ ڈیوٹی پر موجود تھا کہ 2 لوگ آئے جن کے ہاتھ میں پستول تھا، ملزمان نے محبوب سے پوچھا باقی لوگ کہاں ہیں اس نے کہا اندر ہیں ایک ملزم عامر قریشی اور ارشاد کو اندر سے لیکر آیا۔ حملہ آوروں کی فائرنگ سے زخمی ارشاد نے ویڈیو بیان میں بتایا کہ ہمیں اکٹھا کرکے پھر مارا گیا، واقعہ کے وقت موجود فائر بریگیڈ کے دیگر ملازمین نے بتایا کہ انہیں فائرنگ کی آواز نہیں آئی بلکہ پولیس نے آکر بتایا کہ فائر اسٹیشن میں فائرنگ ہوئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پورے فائر اسٹیشن میں کوئی سی سی ٹی وی کیمرہ نصب نہیں ہے، اطراف سے سی سی ٹی وی حاصل کرنے کی کوشش کی جار رہی ہے جبکہ جائے وقوعہ سے گولیوں کے 3 خول اور 1 گولی ملی ہے۔
کورنگی فائر اسٹیشن پر ہونے والے حملے میں جاں بحق ہونے والے ملازمین اور زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔