تبدیلی سرکار نے غریب عوام پر مہنگائی کے بڑے بم گرادیئے

تبدیلی سرکار نے غریب عوام پر مہنگائی کے بڑے بم گرادیئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

مال روڈ (شاہد سپرا، حسن علی، شہزاد خان، جمال الدین) وفاقی حکومت نے گھریلو گیس صارفین پر مزید بوجھ بڑھا دیا اور گیس میٹرز کے رینٹ میں 100 فیصد اضافہ کر دیا جبکہ بجلی کی قیمت میں بھی اضافے کی منظوری دیدی گئی۔

وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں عوام پر مزید مہنگائی کے بم گرانے کے لئے اہم فیصلے کیے گئے، اجلاس کے دوران سوئی گیس کے صارفین کو میٹر رینٹ کی مد میں اب 20 کی بجائے 40 روپے کی ادائیگی کی منظوری دی گئی ہے

ای سی سی اعلامیے کے مطابق گیس بھی مہنگی کردی گئی، گھریلو صارفین اور تندور مالکان اضافے سے مستثنیٰ ہوں گے، کمرشل صارفین کے لیے جی آئی ڈی سی کا ایک تہائی حصہ اضافہ ہوگا۔ 

ای سی سی نے بجلی کی قیمت میں32 پیسے اضافے کی منظوری دے دی، بجلی کی قیمت میں اضافہ نومبر 2019 ء سے جنوری 2020 ء تک کیا گیا ہے، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا۔

علاوہ ازیں یوٹیلیٹی سٹورز پر درجہ دوم اور درجہ سوم کے گھی اور کوکنگ آئل سمیت مختلف اشیاء مہنگی کردی گئیں، گھی 4 روپے سے لے کر 33 روپے فی کلو جبکہ کوکنگ آئل 2 روپے سے لے کر 20 روپے فی لیٹر تک مہنگا کر دیا گیا۔ 

نوٹیفکیشن کے درجہ دوم اور درجہ سوم گھی 33 روپے فی کلو تک مہنگا کردیا گیا جبکہ کوکنگ آئل کی قیمت میں 20 روپے فی لیٹر تک مہنگا کر دیا گیا، ٹوتھ برش 14 سے لے کر 35 روپے جبکہ ٹوتھ پیسٹ کی قیمت میں 5 سے لے کر 20 روپے تک اضافہ کر دیا گی، کاجو 200 گرام 24 سے لیکر 47 روپے تک مہنگا کر دیا گیا جبکہ لال مرچ پاؤڈر 73 روپے تک مہنگا کر دیا گیا، یوٹیلیٹی سٹورز پر چاکلیٹ کی قیمت میں 5 روپے، شیونگ کریم 20 روپے تک مہنگی کردی، جبکہ سوپ سمیت دیگر اشیاء بھی مہنگی کردی گئیں، قیمتوں کا فوری اطلاق کردیا۔

دریں اثناء اوگرا نے ایل پی جی کی قیمتوں میں 3 روپے فی کلوگرام کا اضافہ کردیا، اب لاہوریوں کو ایل پی جی 120 روپے فی کلوگرام میں مل سکے گا۔

چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر نے کہاکہ موسم سرما کی طلب کے مطابق امپورٹ نہ ہوئی تو ایل پی جی 400 روپے فی کلو میں بھی نہیں ملے گی۔ اوگرا کی جانب سے ایل پی جی کی قیمتوں میں 3 روپے فی کلوگرام اضافہ کر دیا جس کے بعد ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 34 روپے بڑھ کر 1416 روپے کا ہوگیا اور کمرشل سلنڈر 130 روپے بڑھکر 5449 روپے کا ہوگیا۔

 چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز عرفان کھوکھر نے کہا کہ موسم سرما کی طلب کے مطابق ایل پی جی درآمد نہ ہوئی تو قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوجائے گا۔

عرفان کھوکھر نے کہا کہ مختلف سازشی عناصر تفتان بارڈرز سے ایل پی جی کی امپورٹ کو مشکل بنانے کیلئے حکومت کو گمراہ کر رہے ہیں اگر حکومت ایسے عناصر کی باتوں میں آکر تفتان بارڈر سے ایل پی جی کی سپلائی روکتی ہے تو سردیوں میں ایل پی جی کی شدید قلت اور قیمتوں میں نہ تھمنے والا اضافہ ہوگا، شہر میں برائلر اور فارمی انڈوں کی قیمت میں بھی اضافہ ہوگیا۔

 مرغی کا گوشت 3 روپے جبکہ فارمی انڈے ایک روپے فی درجن مہنگے ہوگئے، زندہ مرغی 2 روپے اضافے کے بعد 143 روپے جبکہ مرغی کا گوشت 3 روپے اضافے کے بعد 207 روپے فی کلو ہو گیا، رواں ماہ مرغی کا گوشت 46 روپے فی کلو مہنگا ہوا، انڈے فی درجن 141 روپے کے ہوگئے۔

 دوسری جانب سرکاری نرخنامے میں 6 سبزیوں کی قیمتیں بڑھا دی گئیں، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے شہریوں کو منافع خوروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔

 شہریوں کا کہنا ہے حکومت نے عوام پرمہنگائی کا بوجھ اتنا بڑھا دیا ہے کہ گھر چلانا اور زندہ رہنا مشکل ہوگیا ہے۔ غریب عوام کے بارے میں حکومت کو کچھ سوچنا چاہیئے بار بار قیمتیں بڑھانا سمجھ سے بالا تر ہے۔

 

Sughra Afzal

Content Writer