(راﺅ دلشاد) قبضہ گروپوں، تجاوزات مافیا اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف گرینڈ آپریشن کا آغاز آج سے ہوگا۔ لارڈ میئر لاہور کرنل( ر) مبشر جاوید، ڈپٹی کمشنر لاہور اور ڈی جی ایل ڈی اے آپریشن کو لیڈ کریں گے۔30 ہزار سے زائد اراضی واگزار کروائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق میٹرو پولیٹن کارپوریشن نے پلان مرتب کرلیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور میٹرپولیٹن کارپوریشن باہمی اشتراک سے آپریشن کریں گے۔ تاہم ایک زون دوسرے زون میں غیرجانبدار ہو کر آپریشن کرے گا۔ پہلے مرحلے میں بارہ روزہ آپریشن جاری رہے گا جبکہ ریزرو پولیس اور متعلقہ محکموں کے اہلکار بھی آپریشن کرنے والی ٹیموں کے ہمراہ ہوں گے۔
پلان کے مطابق نو زونوں کے اہلکاروں کی دو ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے جاری کردہ پلان کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر زونل افسران تجاوزات کیخلاف آپریشن کی نگرانی کریں گے۔
سیکشن فورکے تحت صوبائی حکومت کی ہدایت پر میٹروپولیٹن کارپوریشن لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013ء کے تحت تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کی حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے جس پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔ایل ڈی اے نے قابضین کو ازخود اراضی خالی کرنے کی ہدایت کردی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت اجلاس میں قبضہ مافیا اور تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کی منظوری دی گئی۔