سموگ سے نمٹنے کیلئے چین سے ٹیکنیکل معاونت اور جدید آلات کے حصول کیلئے کوشاں ہیں، محسن نقوی

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے چین کے قونصل جنرل ژاؤ شیریں کی ملاقات ہوئی۔ 
تفصیلات کے مطابق ملاقات میں سموگ کے خاتمے کیلئے باہمی تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ سموگ سے نمٹنے کے لئے بیجنگ اکیڈمی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے ٹیکنیکل معاونت حاصل کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا، جس کے مطابق لاہور میں چینی کمپنی کے اشتراک سے ایئرکوالٹی مانیٹرنگ سسٹم لگایا جائے گا۔ 
پنجاب اور چین کے ماحولیاتی امور کے ماہرین کے فوری رابطوں پر اتفاق کیا گیا۔ 
 محسن نقوی نے کہا کہ سموگ سے نمٹنے کے لئے چین سے ٹیکنیکل معاونت اور جدید آلات کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔ سموگ کے خاتمے کے لئے طویل المدتی پالیسی اختیار کررہے ہیں۔ لاہور میں سموگ کی بڑی وجہ انڈیا میں فصلوں کی باقیات کو بڑے پیمانے پر جلا نا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دورہ چین کی کامیابی کے لئے چینی قونصل جنرل اور قونصلیٹ کے تعاون کے مشکور ہیں۔ ننشیا کے پارٹی جنرل سیکرٹری اور دیگر حکام کی مہمان نوازی تادیر یاد رہے گی۔ چین کی طرز پر پنجاب میں بھی ٹورسٹ پولیس قائم کی جارہی ہے۔ ایگریکلچر ریسرچ، واٹر مینجمنٹ اور دیگرامور میں چین کی مہارت میں فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ 
چینی قونصل جنرل ژاؤ شیریں نے کہا کہ حکومت پنجاب سموگ کے خاتمے کے لئے قابل قدر اقدامات کررہی ہے۔ پنجاب میں اینٹوں کے بھٹوں میں زگ زیگ ٹیکنالوجی کے استعمال سمیت دیگر اقدامات قابل ستائش ہیں۔لاہور میں ڈپلومیٹک انکلیو قائم کرنے پر حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
ملاقات میں لاہور چڑیا گھر کے لئے پانڈا لانے کیلئے چینی حکومت سے رابطہ کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔ 
صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ،کمشنر لاہور ڈویژن، سیکرٹری وزیر اعلیٰ،سیکرٹری عملدرآمد وزیر اعلیٰ اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔