لاہور کو 6 زونز میں تقسیم کرنیکی تجویز

لاہور کو 6 زونز میں تقسیم کرنیکی تجویز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( علی اکبر ) وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے تحت لاہور میں صفائی کے نئے نظام کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس، صوبائی دارالحکومت کو 6 زونز میں تقسیم کرنے کی تجویز دیدی گئی، عثمان بزدار کہتے ہیں لاہور میں صفائی کا مجوزہ ماڈل جلد از جلد گراؤنڈ پر لایا جائے۔

سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس میں دی گئی تجویز کے مطابق لاہور کے شہری علاقوں میں 4 زونز، دیہی علاقوں میں 2 زونز بنیں گے۔ مجوزہ ماڈل کے تحت گاڑیوں کے ذریعے گھروں سے کوڑا کرکٹ جمع کیا جائے گا۔

شہری بیگ میں کوڑا کرکٹ ڈال کر گاڑیوں کو دیں گے، کوڑا کرکٹ جمع کرنے والی گاڑیوں میں ٹریکنگ سسٹم لگے گا۔ گاڑیاں کوڑا کرکٹ اکٹھاکر کے 5 ٹرانسفر سٹیشنز پر منتقل کریں گی۔ ٹرانسفر سٹیشن سے کوڑا کرکٹ لینڈ فل سائٹ پر منتقل کیا جائے گا۔ کوڑا کرکٹ کو مناسب طریقے سے تلف کرنے کیلئے نئی لینڈ فل سائٹ بنانے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔

 اس موقع پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے لاہور میں صفائی کے انتظامات کو خوب سے خوب تر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کے نظام کے ساتھ سروس ڈلیوری کو بھی بہتر بنانا ہے، نئے نظام کے تحت پورا لاہور شہر کور ہوگا۔ کوڑا کرکٹ سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے پر بھی کام کرنے کی ضرورت ہے۔

 وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ لاہور میں روزانہ تقریباً 6 ہزار ٹن کوڑا کرکٹ پیدا ہوتا ہے۔ شہری خود کنٹینرز میں کوڑا کرکٹ نہیں ڈالتے۔ اخترآباد اور راوی کے پار نئی لینڈ فل سائٹ بنانے کا آپشن موجود ہے۔

اجلاس میں صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال، سیکرٹری خزانہ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، چیئرمین لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، ایم ڈی لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔