وزیرصنعت اسلم اقبال کی زیر صدارت اجلاس میں اہم فیصلے

وزیرصنعت اسلم اقبال کی زیر صدارت اجلاس میں اہم فیصلے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(قیصر کھوکھر) صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال اور وزیر خصوصی تعلیم محمد اخلاق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا جس میں کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کے آپریشنل معاملات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، آئی جی پنجاب اور مختلف محکموں کے سیکرٹریز نے شرکت کی، ڈویژنل کمشنرز اور آرپی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے، وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کو کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کے آپریشنل معاملات بارے آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ٹائیگر فورس کے رضا کارضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی بلا معاوضہ خدمات سر انجام دیں گے، وفاقی حکومت کی جانب سے سیالکوٹ میں قائم ٹائیگر فورس کے ماڈل کو ہی پنجاب کے دیگر اضلاع میں شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ٹائیگر فورس کیلئے ملک میں 9 لاکھ 93 ہزار 226  رضا کاروں کو رجسٹرڈ کیا گیا، ٹائیگر فورس کے بنیادی فرائض میں یوٹیلیٹی سٹورز کےعملے کی معاونت، مساجد میں ایس او پیزپر عملدرآمد، آئسولیشن اور قرنطینہ سینٹرز پر خدمات کی فراہمی شامل ہیں۔

عثمان ڈار نے کہا کہ رضا کاروں کو انکی عمر اور قابلیت کے لحاظ سے ذمہ داریاں تفویض کی جائیں گی، کورونا ریلیف ٹائیگر فورس اضلاع میں ایک ڈسٹرکٹ سٹیئرنگ کمیٹی کی زیر نگرانی کام کرے گی جس کا کنوینئر ڈپٹی کمشنر ہے، تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر بھی ایسی ہی کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں۔

  چیف سیکرٹری نے کمشنرز کو حکم دیا کہ رضا کاروں کی خدمات سے بھر پوراستفادہ حاصل کیا جائے۔

واضح رہےکہ 30 مارچ کو وزیر اعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے خلاف اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ٹائیگر فورس بنانے اور 'ریلیف فنڈ' قائم کرنے کا اعلان کیا تھا،  امدادی کاموں کیلئے حکومت کا بازو بننے  کو ملک بھر سے 9 لاکھ افراد فورس میں رجسٹرڈ ہوچکے ہیں، پنجاب سے 6 لاکھ 18ہزار ٹائیگرز نے رجسٹریشن کروائی۔ 

Sughra Afzal

Content Writer