نامعلوم افراد کی فائرنگ، تین راہگیر زخمی

نامعلوم افراد کی فائرنگ، تین راہگیر زخمی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( فخر امام ) تھانہ گوالمنڈی کے علاقہ میں فائرنگ کا واقعہ، فائرنگ کے نتیجے میں 3 راہ گیر زخمی ہوگئے، ایک راہگیر کو سر پر گولی لگنے پر انتہائی تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

گزشتہ کئی برسوں سے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر اسلحہ کی نمائش یا اسے غیر قانونی طور پر رکھنے کی سخت پابندی ہے لیکن عموما رات کے وقت شہر کے مختلف علاقوں میں جاری شادی بیاہ کی تقریب میں ہونے والی فائرنگ کی آوازیں سنی جاتی ہیں جس سے شہریوں میں خوف وہراس پیدا ہوجاتا ہے۔ ایسے عناصر کے خلاف پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں۔

ان عوامل کے نتیجے میں رونما ہونے والے حادثات کی خبریں نظر تو آتی ہیں لیکن ارباب اختیار خصوصا پولیس، ڈولفن فورس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے

تھانہ گوالمنڈی کے علاقہ میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، پولیس کے مطابق واقعہ دشمنی کا شاخسانہ ہے، ملزمان نے پہلے مخالفین کی گاڑی پر فائرنگ کی بعد ازاں فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہوئے۔ 3 راہگیر فائرنگ کی زد میں آکر زخمی ہوگئے، زخمیوں میں عبدالجبار، 15 سالہ مجیب اور عمران شامل ہیں۔

عمران کی حالت سر پر گولی لگنے کے باعث تشویشناک ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ ایک ہفتہ قبل بھی انہی افراد کے مابین فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا۔ پولیس کا موقف ہے کہ تحقیقات کے بعد حقائق سامنے لائے جائیں گے۔

دوسری جانب سبزہ زار کے علاقے میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جہاں 35 سالہ ظہیر نامی شخص کو نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے قتل کر دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق دونوں میاں بیوی عزیز کے گھر رقم دینے آرہے تھے مگر نامعلوم ملزمان نے اچانک آکر فائرنگ کر دی، جس سے ظہیر عباس موقع پر ہی جانبحق ہو گیا۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا، پولیس کے مطابق مختلف پہلوؤں پر تحقیقات کی جارہی ہیں۔