سٹی42: قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب بھی مکمل ہو گیا۔ نوابشاہ سے پانچویں مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہو کر آنے والے سید غلام مصطفیٰ شاہ قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر منتخب ہو گئے
سپیکر ایاز صادق نے ڈپٹی سپیکر کا انتخاب کروایا، انہوں نے پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی مکمل ہوتے ہی نتیجہ کااعلان کر دیا۔ ڈپٹی سپیکر کے انتخاب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سید غلام مصطفیٰ شال ڈپٹی سپیکر منتخب ہو گئے۔ انہیں 281 ووٹ ملے۔ ان کے مقابل جنید اکبر کو 92 ووٹ ملے۔ ڈالےگئے ووٹوں میں سے ایک ووٹ مسترد ہوا۔
سید غلام مصطفیٰ کون ہیں
قومی اسمبلی کا ڈپٹی سپیکر منتخب ہونے والے سینئیر سیاستدان سید غلام مصطفیٰ پاکستان پیپلز پارٹی کے دیرینہ کارکن ہیں جو گزشتہ دو دہائیوں سے پارلیمانی سیاست میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ سید غلام مصطفیٰ 27 اکتوبر 1959 کو پاکستان کے ضلع خیرپور میں پیدا ہوئے تھے۔
سیاسی کیریئر
سید غلام مصطفیٰ 2002 کےعام انتخابات میں حلقہ این اے 214 نواب شاہ-II سے پاکستان پیپلز پارٹی کے نشان پر پہلی مرتبہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔ انہوں نے 60,267 ووٹ حاصل کیے اور قومی اتحاد کے امیدوار ملتان احمد راہو کو شکست دی تھی۔
سید غلام مصطفیٰ 2008 کے پاکستانی عام انتخابات میں حلقہ NA-214 نواب شاہ-IIسے دوسری مرتبہ قومی اسمبلی کے لیے منتخب ہوئے۔ اس مرتبہ انہوں نے 81,194 ووٹ حاصل کیے اور پاکستان مسلم لیگ قاف کے خان محمد دھاری کو شکست دی تھی۔
سید غلام مصطفیٰ 2013 کے پاکستانی عام انتخابات میں حلقہ این اے 214 سے تیسری قومی اسمبلی کے لیے منتخب ہوئے۔ اس مرتبہ انہوں نے 135,502 ووٹ حاصل کیے اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے علی اصغر رند کو شکست دی۔
سید غلام مصطفیٰ 2018 کے پاکستانی عام انتخابات میں حلقہ NA-214 (شہید بے نظیر آباد-II) سے چوتھی مرتبہ قومی اسمبلی کے لیے منتخب ہوئے تھے۔ اب 8 فروری کے انتخابات میں انہوں نے پانچویں مرتبہ اپنے حلقہ انتخاب کے عوام کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ سید غلام مصطفیٰ پیشہ کے اعتبار سے زمیندار ہیں ور پروگریسو / جدید کاشتکاری کے ماہر ہیں۔